V. Somanna Backs Sira for Karnataka's New International Airport نئے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے لیے سِرا کی حمایت

بین الاقوامی ہوائی اڈہ بنگلورو نہیں، سِرا میں قائم کیا جائے: وی سومنّا

ریاست کی متوازن ترقی کے لیے مرکزی وزیر کا اہم مطالبہ

بنگلورو / ٹمکورو 18 جولائی (حقیقت ٹائمز)

 مرکزی وزیر مملکت برائے ریلوے اور جل شکتی وی سومنّا نے مطالبہ کیا ہے کہ کرناٹک حکومت مجوزہ نئے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو بنگلورو کے قریب قائم کرنے کے بجائے ضلع ٹمکورو کے سِرا علاقے میں تعمیر کرے، تاکہ ریاست کے وسطی اور شمالی حصوں کی متوازن ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ایک بیان میں وی سومنّا نے کہا کہ سِرا میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قیام کے حق میں ریاست کے متعدد عوامی نمائندے آواز اٹھا چکے ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ سال 20 مارچ کو ٹمکورو، چکمگلورو، داونگیرے، چترادرگہ، بلاری، ہاویری اور رائچور سمیت کئی اضلاع کے ارکانِ اسمبلی نے انہیں اس سلسلے میں مکتوب ارسال کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے 22 اپریل کو مرکزی وزیر شہری ہوا بازی کے رام موہن نائیڈو کو خط لکھ کر عوامی نمائندوں کے مطالبے سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ کرناٹک کی ترقی اب تک زیادہ تر بنگلورو کے گرد مرکوز رہی ہے، لیکن اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ریاست کے دیگر علاقوں کو بھی مساوی ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ اگر نیا بین الاقوامی ہوائی اڈہ بھی بنگلورو کے قریب تعمیر کیا گیا تو وسطی اور شمالی کرناٹک کے عوام کے ساتھ انصاف نہیں ہوگا۔وی سومنّا نے کہا کہ سِرا کا علاقہ صنعتی، تجارتی اور نقل و حمل کے اعتبار سے نہایت موزوں ہے۔ یہاں ممبئی۔بنگلورو صنعتی راہداری، چنئی۔بنگلورو صنعتی راہداری، قومی سرمایہ کاری و صنعتی زون، کی آئی اے ڈی بی کے صنعتی علاقے اور متعدد قومی و ریاستی شاہراہیں موجود ہیں، جس سے یہ علاقہ تیز رفتار ترقی کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سِرا کے اطراف سرکاری اراضی وافر مقدار میں دستیاب ہے، جبکہ بھدرا بالائی نہر، ہیماوتی اور ایتنہولے منصوبوں کے ذریعے پانی کی فراہمی بھی ممکن ہے۔ اس کے علاوہ چترادرگہ میں ڈی آر ڈی او، ہندوستانی ادارۂ سائنس کا کیمپس اور گبّی میں ایچ اے ایل ہیلی کاپٹر یونٹ بھی قریب واقع ہیں۔مرکزی وزیر نے کہا کہ سِرا ، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن کے ضوابط کے مطابق بنگلورو بین الاقوامی ہوائی اڈے سے تقریباً 150 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، اس لیے یہاں نیا ہوائی اڈہ قائم کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ اس منصوبے سے بین الاقوامی سفر، مال برداری، سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع اور علاقائی معیشت کو فروغ ملے گا۔وی سومنّا نے ریاستی حکومت سے اپیل کی کہ وہ صرف بنگلورو کو مدنظر رکھنے کے بجائے ریاست کی مجموعی اور متوازن ترقی کو ترجیح دے اور نئے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے لیے سِرا کے مقام کو ہی حتمی شکل دے۔

1/Post a Comment/Comments

Post a Comment