انجمن ترقیٔ اردو کا ہونہار طلبہ کے لیے اہم اعلان
صد فیصد نمبر والوں کی بنگلورو میں ریاستی، 97 فیصد یا اس سے زائد والوں کی ٹمکورو میں ضلعی تہنیت
ٹمکورو، 9 جولائی (حقیقت ٹائمز)
انجمن ترقیٔ اردو (ہند) کرناٹک کی ٹمکورو ضلعی شاخ نے ایس ایس ایل سی اور پی یو سی امتحانات میں اردو مضمون میں 100 فیصد نشانات حاصل کرنے والے طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی مکمل تفصیلات مقررہ مدت کے اندر جمع کرائیں، تاکہ انہیں اگست میں بنگلورو میں منعقد ہونے والی ریاستی سطح کی عظیم الشان تہنیتی تقریب میں اعزاز سے نوازا جا سکے۔انجمن کی جانب سے جاری اطلاع کے مطابق ریاستی تقریب کا انعقاد اردو زبان کے فروغ، باصلاحیت طلبہ کی حوصلہ افزائی اور ان کی تعلیمی خدمات کے اعتراف کے مقصد سے کیا جا رہا ہے۔ اس تقریب میں صرف وہی ایس ایس ایل سی اور پی یو سی طلبہ شامل ہوں گے جنہوں نے اردو مضمون میں 100 فیصد نشانات حاصل کیے ہوں۔اس کے ساتھ ہی انجمن ترقیٔ اردو (ہند) کرناٹک، ٹمکورو ضلعی شاخ نے اعلان کیا ہے کہ اردو مضمون میں 97 فیصد یا اس سے زائد نشانات حاصل کرنے والے ایس ایس ایل سی اور پی یو سی طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے اگست میں ٹمکورو شہر میں ضلعی سطح پر خصوصی تہنیتی تقریب منعقد کی جائے گی، جہاں انہیں تہنیتی اسناد اور اعزازات سے نوازا جائے گا۔انجمن نے ضلع ٹمکورو کے تمام اسکولوں، کالجوں، اساتذہ، والدین اور طلبہ سے درخواست کی ہے کہ وہ مستحق طلبہ کی تفصیلات بروقت روانہ کریں۔ ہر طالب علم کے لیے درج ذیل دستاویزات جمع کرانا ضروری ہوگا:مارکس کارڈ کی نقل ،حالیہ تصویر ،طالب علم کا مکمل نام ، اسکول یا کالج کا نام ، رابطہ نمبر،اور اردو مضمون میں حاصل کردہ نشانات۔
تمام دستاویزات 25 جولائی 2026 تک جمع کرانا لازمی ہیں تاکہ طلبہ کے نام ضلعی اور ریاستی سطح کی تقریبات کے لیے حتمی طور پر شامل کیے جا سکیں۔مزید معلومات یا دستاویزات جمع کرانے کے لیے انجمن ترقیٔ اردو (ہند) کرناٹک، ٹمکورو ضلع کے صدر تاج الدین شریف سے 9886458191 یا ضلع سکریٹری عبدالحلیم منصور سے 9448381282 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔انجمن ترقیٔ اردو (ہند) کرناٹک نے امید ظاہر کی ہے کہ اس اقدام سے اردو زبان میں تعلیمی امتیاز حاصل کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی ہوگی، مسابقتی جذبہ فروغ پائے گا اور نئی نسل میں اردو زبان کی تعلیم کی طرف مزید رغبت پیدا ہوگی۔
Post a Comment