تلنگانہ میں ایک لاکھ ڈبل بیڈروم فلیٹس کے لیے درخواستیں طلب
اندراماں ایل آئی جی اسکیم؛ بے گھر خاندان 10 اگست تک فارم جمع کرائیں
حیدرآباد، 31 جولائی (سخاوت علی نظامی)
تلنگانہ حکومت نے اندراماں ایل آئی جی ہاؤسنگ اسکیم کے تحت بے گھر اور مستحق خاندانوں کے لیے ایک لاکھ ڈبل بیڈروم فلیٹس کی فراہمی کے سلسلے میں درخواستیں طلب کی ہیں۔ درخواست فارم جمع کرانے کا عمل کلکٹر آفس، لکڑی کا پل، حیدرآباد میں جاری ہے۔سرکاری اعلان کے مطابق درخواستیں 21 جولائی سے 10 اگست 2026 تک قبول کی جائیں گی۔ اس اسکیم سے صرف وہی خاندان استفادہ کر سکیں گے جن کے پاس اپنی ملکیت کا کوئی مکان یا پلاٹ موجود نہ ہو۔اس اسکیم کے تحت ہر فلیٹ کا رقبہ 525 مربع فٹ ہوگا، جبکہ ایک فلیٹ کی مجموعی قیمت 11 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس میں 5 لاکھ روپے حکومت بطور امداد فراہم کرے گی، جبکہ باقی 6 لاکھ روپے مستحقین کو ماہانہ اقساط کے ذریعے ادا کرنے ہوں گے۔درخواست جمع کراتے وقت صرف 10 ہزار روپے بطور ابتدائی رقم جمع کرانا ضروری ہوگا۔ فلیٹس کی الاٹمنٹ قرعہ اندازی کے ذریعے کی جائے گی۔ جن درخواست گزاروں کا نام قرعہ اندازی میں شامل نہیں ہوگا، انہیں جمع کرائی گئی 10 ہزار روپے کی رقم مکمل طور پر واپس کر دی جائے گی۔تلنگانہ حکومت نے بے گھر اور مستحق خاندانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر درخواستیں جمع کرا کر اس اسکیم سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے ذاتی مکان کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کا موقع حاصل کریں۔
Post a Comment