کے ایس آر پی اہلکاروں میں تمباکو نوشی کے نقصانات سے متعلق خصوصی بیداری مہم
ڈاکٹر ندیم الہدیٰ کا پیغام، بروقت جانچ اور تمباکو سے دوری ہی سرطان سے مؤثر تحفظ
ٹمکورو، 18 جولائی (حقیقت ٹائمز)
کرناٹک اسٹیٹ ریزرو پولیس (کے ایس آر پی) کی بارہویں بٹالین، ٹمکورو اور شری دیوی میڈیکل کالج، ٹمکورو کے اشتراک سے پولیس اہلکاروں میں صحت سے متعلق شعور بیدار کرنے کے مقصد سے ایک خصوصی طبی کیمپ اور آگہی پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں تمباکو نوشی کے مضر اثرات اور منہ کے سرطان سے بچاؤ کے موضوع پر تفصیلی لیکچر پیش کیا گیا۔اس موقع پر قدوائی میموریل انسٹی ٹیوٹ آف آنکولوجی، بنگلورو کے شعبۂ اورل آنکولوجی کے سربراہ ڈاکٹر ندیم الہدیٰ نے پولیس اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے تمباکو کے استعمال سے پیدا ہونے والے سنگین طبی مسائل، منہ کے سرطان کی ابتدائی علامات، بروقت تشخیص اور احتیاطی تدابیر پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ تمباکو سے مکمل پرہیز اور وقتاً فوقتاً طبی معائنہ منہ کے سرطان سے بچاؤ کے لیے نہایت ضروری ہے۔

پروگرام کے دوران ڈاکٹر ندیم کی گزشتہ پچیس برسوں سے سرطان کے مریضوں کی خدمات کے اعتراف میں پاؤگڈھ کے شری رام کرشن سیوا آشرم کے سوامی جاپانند جی مہاراج نے انہیں شال اور یادگاری نشان پیش کر کے تہنیت پیش کی۔ سوامی جی نے سرطان کے مریضوں کی خدمت کے میدان میں ڈاکٹر ندیم الحق کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔اس طبی کیمپ کا انعقاد کے ایس آر پی بارہویں بٹالین کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور کمانڈنٹ حمزہ حسین کی نگرانی میں کیا گیا۔ انہوں نے پروگرام کے کامیاب انعقاد کے لیے مؤثر انتظامات کیے، جنہیں شرکاء نے سراہا۔طبی کیمپ میں بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں نے شرکت کی اور تمباکو نوشی سے بچاؤ، صحت مند طرزِ زندگی اور سرطان کی بروقت تشخیص سے متعلق مفید معلومات حاصل کیں۔
Post a Comment