Karnataka MPs Unite in Delhi for the State's Common Interests کرناٹک کے مفاد میں دہلی میں ارکانِ پارلیمان متحد

دہلی اجلاس میں کرناٹک کے مطالبات کو ملی مشترکہ تائید

تمام جماعتوں نے ریاستی مفادات کے تحفظ پر اتفاق کیا

نئی دہلی، 28 جولائی (حقیقت ٹائمز)

وزیر اعلیٰ ڈی۔ کے۔ شیوکمار کی جانب سے نئی دہلی میں طلب کیا گیا کرناٹک کے ارکانِ پارلیمان کا اجلاس کامیاب رہا، جس میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان نے شرکت کرتے ہوئے ریاستی مفادات کے لیے باہمی تعاون اور یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں شریک متعدد ارکان نے وزیر اعلیٰ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کا وسیع اور جامع اجلاس ماضی میں کم ہی دیکھنے کو ملا، جس میں مختلف جماعتوں کے اتنی بڑی تعداد میں ارکانِ پارلیمان ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع ہوئے ہوں۔ شرکاء نے اجلاس کے منظم انتظامات اور سبھی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کے طرزِ عمل کی بھی تعریف کی۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ریاست کی ترقی اور عوامی مفاد کے معاملات میں سیاسی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر مشترکہ طور پر کام کیا جانا چاہیے۔ وزیر اعلیٰ ڈی۔ کے۔ شیوکمار کی اس اپیل کی بھی تائید کی گئی کہ کرناٹک کے مفادات کے تحفظ کے لیے تمام جماعتوں کے نمائندے متحد ہو کر کام کریں۔اجلاس میں مرکزی حکومت کے پاس زیر التوا ترقیاتی منصوبوں کی منظوری، ریاست کو واجب الادا مالی امداد کی اجرائی، خشک سالی سے نمٹنے کے لیے خصوصی تعاون اور دیگر اہم امور پر مرکز سے مؤثر انداز میں رجوع کرنے کی ضرورت پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ان نکات پر شرکاء کی جانب سے مثبت ردِ عمل سامنے آیا۔اجلاس میں مرکزی وزراء، لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے متعدد ارکان نے شرکت کی، جبکہ بعض مرکزی وزراء اور چند ارکانِ پارلیمان دیگر سرکاری مصروفیات کے باعث شریک نہیں ہو سکے۔ بتایا گیا کہ انہوں نے اپنی عدم شرکت کی پیشگی اطلاع دے دی تھی۔اجلاس کے اختتام پر اس امید کا اظہار کیا گیا کہ ریاست کے مفاد سے متعلق اہم منصوبوں اور مطالبات کی منظوری کے لیے تمام ارکانِ پارلیمان مشترکہ طور پر مرکزی حکومت کے سامنے مؤثر نمائندگی کریں گے۔

0/Post a Comment/Comments