جواں سال صحافی فیضان جاوید انتقال کر گئے
سینئر صحافی جاوید جمال الدین کے اہلِ خانہ پر غم کی گھڑی، آج ممبئی میں تدفین
ممبئی، 7 جولائی (حقیقت ٹائمز)
ممبئی کے ممتاز سینئر صحافی جناب جاوید جمال الدین کے جواں سال صاحبزادے اور باصلاحیت صحافی فیضان جاوید مختصر علالت کے بعد پیر کی علی الصبح حرکتِ قلب بند ہو جانے سے انتقال کر گئے۔ ان کی وفات کی خبر سے صحافتی، سماجی اور علمی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔ إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ۔ مرحوم کی عمر تقریباً 35 برس تھی۔ انہوں نے ماس کمیونیکیشن میں پوسٹ گریجویشن کیا تھا اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث قومی میڈیا میں نمایاں مقام حاصل کیا۔اپنے صحافتی کیریئر کے دوران انہوں نے دوردرشن، زی نیوز، این ڈی ٹی وی اور بعد ازاں نیٹ ورک 18 جیسے معروف اداروں میں خدمات انجام دیں، جہاں انہوں نے منی کنٹرول ویب سائٹ کے لیے بھی کام کیا۔ حالیہ عرصے میں وہ اوریون ملٹی میڈیا اینڈ ایونٹ مینجمنٹ سے وابستہ تھے اور نہایت ذمہ داری کے ساتھ اپنی خدمات انجام دے رہے تھے۔ذرائع کے مطابق 11 جون کو دفتر میں کام کے دوران انہیں شدید دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ علاج کے بعد طبیعت میں بہتری آنے پر 26 جون کو انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی گئی تھی، تاہم گزشتہ شب اچانک طبیعت دوبارہ بگڑ گئی۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن تمام تر طبی کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے اور پیر کی صبح تقریباً 5 بجے انتقال کر گئے۔مرحوم اپنے پس ماندگان میں والد، اہلیہ اور تین بہنوں کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔ ان کے انتقال سے نہ صرف اہلِ خانہ بلکہ صحافی برادری، دوست احباب اور ان کے تمام چاہنے والوں کو گہرا صدمہ پہنچا ہے۔ فیضان جاوید کو ایک خوش اخلاق، منکسرالمزاج، باصلاحیت اور فرض شناس صحافی کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے، جنہوں نے مختصر عرصے میں اپنی پیشہ ورانہ دیانت داری اور اعلیٰ اخلاق سے نمایاں مقام حاصل کیا۔مرحوم کی نمازِ جنازہ آج (7 جولائی) رات 10:00 بجے ادا کی جائے گی، جس کے بعد انٹاپ ہل مسلم قبرستان، ممبئی میں تدفین عمل میں آئے گی۔مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے تمام احباب، صحافی برادری اور اہلِ خیر سے دعائے مغفرت کی اپیل کی گئی ہے۔ بالخصوص ان کے والد جناب جاوید جمال الدین اور دیگر اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی درخواست کی گئی ہے۔اللہ تعالیٰ مرحوم فیضان جاوید کی کامل مغفرت فرمائے، ان کی لغزشوں کو معاف فرمائے، ان کی قبر کو نور سے منور کرے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور تمام سوگواران کو صبرِ جمیل نصیب فرمائے۔ آمین۔
ادارہ حقیقت ٹائمز بھی غم کی اس گھڑی میں جناب جاوید جمال الدین صاحب کے ساتھ برابر شریک ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور تمام پسماندگان بالخصوص جناب جاوید جمال الدین صاحب کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔
Post a Comment