انجمن اسلام کمیٹی الکل میں "سلیکشن نہیں، الیکشن" کا اصول نافذ
وقف بورڈ کے فیصلے کا خیر مقدم، رکنیت سازی مہم 20 جولائی سے شروع
الکل، 18 جولائی (سلیمان چوپدار)
الکل میں مسلم برادری اور انجمن بچاؤ تحریکِ نوجوانوں کی جانب سے ایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی، جس میں کرناٹک ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے انجمن اسلام کمیٹی کے شفاف انتخابات کرانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا۔اس موقع پر محمد آصف بلے کدری نے کہا کہ یہ ایک تاریخی فیصلہ ہے جس سے انجمن اسلام کمیٹی میں جمہوری نظام کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وقف بورڈ نے انتخابی عمل کو شفاف طریقے سے مکمل کرنے کے لیے مدار پٹیل اور سید معظم پاشا کو انتخابی افسر مقرر کیا ہے، جو رکنیت کے اندراج اور انتخابی کارروائی کی نگرانی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہر کا ہر وہ شہری جس کی عمر 18 سال یا اس سے زیادہ ہو، رکنیت حاصل کرکے ووٹر بن سکتا ہے اور مقررہ ضوابط کے مطابق امیدوار کے طور پر بھی انتخاب لڑ سکتا ہے۔محمد آصف بلے کدری نے بتایا کہ 20 جولائی سے 6 اگست تک رکنیت سازی مہم جاری رہے گی۔ خواہش مند افراد 220 روپے فیس جمع کروا کر رکنیت حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ انتخابی شیڈول کا باضابطہ اعلان کرناٹک ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ انجمن اسلام کمیٹی میں کئی برسوں سے انتخابات منعقد نہیں ہوئے تھے، تاہم نوجوانوں کی مسلسل جدوجہد رنگ لائی ہے اور اب "سلیکشن نہیں، الیکشن" کے اصول پر عمل درآمد ہونے جا رہا ہے، جو خوش آئند پیش رفت ہے۔پریس کانفرنس میں محمد رفیق نداف، الحاج ملک صاحب بلگی، ریاض بانو، محبوب گوڑے کار، شامی ریشمی اور دیگر افراد بھی موجود تھے۔
Post a Comment