حج 2027 کا قرعہ مکمل، 1,20,917 عازمین عارضی طور پر منتخب
کرناٹک کے 7,634 عازمین ویٹنگ لسٹ میں, منتخب عازمین کو 10 اگست تک رقم جمع کرانے کی ہدایت
ممبئی، 30 جولائی (حقیقت ٹائمز)
حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2027 (1448ھ) کے لیے جمعرات کو ممبئی کے حج ہاؤس میں ڈیجیٹل قرعہ اندازی (قرعہ) مکمل کرنے کے بعد عارضی طور پر منتخب عازمین اور ویٹنگ لسٹ جاری کر دی۔ قرعہ اندازی کا عمل مکمل طور پر آن لائن ہوا، جسے حج کمیٹی کے سرکاری ذرائع سے براہِ راست نشر بھی کیا گیا۔حج کمیٹی کے مطابق ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے موصول ہونے والی درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد 1,20,917 عازمین کو عارضی طور پر منتخب کیا گیا ہے، جبکہ 77,952 عازمین کو انتظار فہرست (ویٹنگ لسٹ) میں رکھا گیا ہے۔حج کمیٹی نے بتایا کہ 22 ریاستوں میں موصولہ درخواستوں کی تعداد مقررہ کوٹے سے کم تھی، اس لیے وہاں کے تمام درخواست گزاروں کو عارضی طور پر منتخب کر لیا گیا۔ تاہم 10 ریاستوں میں درخواستیں کوٹے سے زیادہ ہونے کے باعث انتخاب ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا، جبکہ باقی تمام درخواست گزار انتظار فہرست میں شامل کیے گئے۔
ویٹنگ لسٹ میں شامل عازمین کی ریاست وار تعداد
کرناٹک: 7,634 ،گجرات: 23,931، کیرالہ: 13,091، مہاراشٹر: 11,433، تمل ناڈو: 8,561 ،تلنگانہ: 6,112, مدھیہ پردیش: 4,087 ،دہلی: 2,599 ،منی پور: 263 ،چھتیس گڑھ: 241کل انتظار فہرست: 77,952 عازمینحج کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ انتظار فہرست میں شامل عازمین کا انتخاب عارضی طور پر منتخب افراد کی جانب سے مقررہ وقت میں پیشگی رقم جمع نہ کرانے، درخواست منسوخ ہونے یا متعلقہ ریاست کو اضافی حج کوٹہ ملنے کی صورت میں مرحلہ وار کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں الگ سے انتظار فہرست کے انتخاب کا اعلان متوقع ہے۔
منتخب عازمین کے لیے پیشگی رقم جمع کرانے کی آخری تاریخ
حج کمیٹی آف انڈیا نے اپنے سرکلر میں ہدایت دی ہے کہ قرعہ میں عارضی طور پر منتخب تمام عازمین 10 اگست 2026 تک ₹1,52,300 جمع کرائیں۔ اس میں: ₹1,50,000 پیشگی حج رقم ,₹2,000 متفرق واجبات ,₹300 ناقابلِ واپسی کارروائی فیس شامل ہے۔مقررہ تاریخ تک رقم جمع نہ کرانے کی صورت میں متعلقہ عازم کی عارضی نشست منسوخ ہو سکتی ہے اور اس کی جگہ انتظار فہرست سے اگلے اہل امیدوار کو موقع دیا جائے گا۔
ادائیگی کا طریقۂ کار
حج کمیٹی نے بتایا کہ ادائیگی درج ذیل طریقوں سے کی جا سکتی ہے ۔حج کمیٹی آف انڈیا کی سرکاری ویب سائٹ یا حج سہولت ایپ کے ذریعے آن لائن ادائیگی۔اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی مجاز شاخوں میں مخصوص بینک حوالہ نمبر کے ذریعے رقم جمع کرانا۔تمام عازمین کو ہدایت دی گئی ہے کہ بینک رسید پر اپنا منفرد بینک حوالہ نمبر ضرور درج کریں۔
ضروری دستاویزات
پیشگی رقم جمع کرانے کے بعد عازمین کو دستخط شدہ حج درخواست فارم، ادائیگی کی رسید، طبی جانچ اور فٹنس سرٹیفکیٹ بھی 10 اگست 2026 تک جمع کرانا ہوگا۔
امبارکیشن پوائنٹس
حج کمیٹی نے بتایا کہ حج 2027 کے لیے ملک بھر میں 19 امبارکیشن پوائنٹس سے پروازوں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ان میں:بنگلورو، سرینگر، گیا، گوہاٹی، اندور، پٹنہ، جے پور، ناگپور، دہلی، ممبئی، کولکاتا، حیدرآباد، کوچین، چنئی، احمد آباد، لکھنؤ، کنّور، وجئے واڑہ اور کالیکٹ شامل ہیں۔پٹنہ سے پروازوں کی حتمی منظوری متعلقہ مرکزی وزارتوں سے اجازت ملنے کے بعد دی جائے گی۔ حج کمیٹی نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر کسی امبارکیشن پوائنٹ پر مسافروں کی تعداد آپریشنل تقاضوں سے کم یا زیادہ ہوئی تو عازمین کو کسی دوسرے امبارکیشن پوائنٹ سے روانہ کرنے کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔
پروازوں کا شیڈول
حج کمیٹی کے مطابق حج 2027 کی پروازوں کا تفصیلی شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔ ابتدائی اندازے کے مطابق ہندوستان سے حج پروازوں کا آغاز مئی 2027 کے اوائل میں ہوگا، جبکہ واپسی کی پروازیں مناسک حج کی تکمیل کے بعد مرحلہ وار چلائی جائیں گی۔حج کمیٹی آف انڈیا نے تمام منتخب اور انتظار فہرست میں شامل عازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف سرکاری ویب سائٹ اور متعلقہ ریاستی حج کمیٹیوں کی جانب سے جاری ہونے والی اطلاعات پر ہی اعتماد کریں اور کسی بھی غیر مصدقہ اطلاع یا افواہ سے گریز کریں۔
Post a Comment