حج 2027 کی درخواستوں کی آخری تاریخ میں توسیع، 24 جولائی تک فارم جمع کرانے کا موقع
قرعہ اندازی 30 جولائی کو، منتخب عازمین کو 10 اگست تک پیشگی رقم جمع کرانی ہوگی
ممبئی، 20 جولائی (حقیقت ٹائمز)
حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2027 (1448 ہجری) کے لیے آن لائن درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے اسے 24 جولائی 2026 کی رات 11:59 بجے تک مقرر کر دیا ہے۔ کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ اس کے بعد کسی بھی صورت میں مزید توسیع نہیں دی جائے گی۔حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکٹو افسر شاناواس سی، آئی اے ایس کی جانب سے جاری سرکلر میں کہا گیا ہے کہ مختلف ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حج کمیٹیوں، خصوصاً کم کوٹہ والی ریاستوں، اور ایسے خواہشمند عازمین کی درخواستوں کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے جنہیں پاسپورٹ جاری نہ ہونے کی وجہ سے بروقت درخواست جمع کرانے میں دشواری پیش آئی تھی۔سرکلر کے مطابق حج 2027 کے لیے عازمین کے انتخاب کی ڈیجیٹل قرعہ اندازی 30 جولائی 2026 کو صبح 11:00 بجے ممبئی کے حج ہاؤس میں واقع حج کمیٹی آف انڈیا کے کمیٹی روم میں منعقد ہوگی۔ اس کارروائی کو براہِ راست نشر بھی کیا جائے گا۔قرعہ اندازی کے بعد عارضی طور پر منتخب اور انتظار فہرست میں شامل درخواست گزاروں کی فہرست حج کمیٹی کی ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی، جبکہ متعلقہ افراد کو ایس ایم ایس کے ذریعے بھی اطلاع دی جائے گی۔سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ عارضی طور پر منتخب تمام عازمین کو 10 اگست 2026 تک 1,52,300 روپے بطور پیشگی حج رقم جمع کرانی ہوگی۔حج کمیٹی آف انڈیا نے تمام ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حج کمیٹیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس سرکلر کی وسیع پیمانے پر تشہیر کریں، حج درخواستوں کی جانچ کا عمل مکمل کریں اور 25 جولائی 2026 تک کور (گروپ) کی تیاری کا مرحلہ بھی مکمل کر لیں۔
Post a Comment