حج 2026: اضافی فضائی کرایہ جمع کرانے کی آخری مہلت 13 جولائی
حج کمیٹی آف انڈیا کی ہدایت، 10 ہزار روپے بروقت جمع نہ کرانے والوں سے فوری ادائیگی کی اپیل
ممبئی، 3 جولائی (حقیقت ٹائمز)
حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2026 کے عازمین کے لیے ایک اہم سرکلر جاری کرتے ہوئے اُن تمام حجاج کرام سے اپیل کی ہے جنہوں نے اب تک اضافی فضائی کرایہ (Differential Airfare) جمع نہیں کرایا ہے، وہ 13 جولائی 2026 تک لازمی طور پر 10 ہزار روپے جمع کرادیں۔جاری کردہ سرکلر کے مطابق، مشرقِ وسطیٰ میں پیدا ہونے والے غیر معمولی حالات کے باعث وزارتِ اقلیتی امور، حکومتِ ہند نے حج 2026 کے لیے ایئر چارٹر آپریشنز کے فضائی کرایہ میں ایک مرتبہ نظرثانی کی تھی۔ اس سلسلے میں 28 اپریل 2026 کو جاری سرکلر نمبر 39 کے ذریعے تمام عازمین کو 15 مئی 2026 تک 10 ہزار روپے اضافی فضائی کرایہ جمع کرانے کی ہدایت دی گئی تھی۔حج کمیٹی نے بتایا کہ اگرچہ حج 2026 کے تمام انتظامات مکمل ہوچکے ہیں اور تمام حجاج کرام بحفاظت سعودی عرب سے واپس آچکے ہیں، تاہم اب بھی بڑی تعداد میں ایسے حجاج موجود ہیں جنہوں نے مقررہ رقم جمع نہیں کرائی۔ ایسے تمام حجاج کرام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 13 جولائی 2026 سے قبل یہ رقم لازماً جمع کرائیں۔سرکلر کے مطابق، یہ رقم اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی بھی مجاز شاخ میں Specified Pay-in-Slip کے ذریعے جمع کرائی جاسکتی ہے۔ ادائیگی کے لیے ہر کور نمبر کے ساتھ مختص بینک ریفرنس نمبر استعمال کرنا ضروری ہوگا، جو حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔ جمع کرائی جانے والی رسید پر بھی یہی بینک ریفرنس نمبر درج کرنا لازمی ہوگا۔حج کمیٹی آف انڈیا نے تمام ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حج کمیٹیوں کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ متعلقہ عازمین سے فوری رابطہ قائم کریں اور مقررہ مدت کے اندر اضافی فضائی کرایہ جمع کرانے کو یقینی بنائیں۔
Post a Comment