مہاراشٹر میں گوری بیوٹی کریم کی فروخت پر پابندی عائد
جانچ میں نقصان دہ پارہ کی تصدیق، گردوں اور اعصابی نظام کو نقصان کا خدشہ
ممبئی، 7 جولائی (حقیقت ٹائمز)
ریاست مہاراشٹر کی خوراک و ادویات انتظامیہ نے پاکستان میں تیار ہونے والی گوری بیوٹی کریم کی فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ حکام کے مطابق جانچ کے دوران اس کریم میں پارہ (مرکری) کی مضر مقدار پائی گئی، جبکہ مصنوعات پر میعادِ استعمال بھی درج نہیں تھی، جو ضابطوں کی خلاف ورزی ہے۔محکمہ کے مطابق متعدد خواتین میں گردوں سے متعلق بیماریوں کی شکایات سامنے آنے کے بعد اس معاملے کی تحقیقات شروع کی گئیں۔ متاثرہ خواتین نے بتایا کہ انہوں نے یہ کریم مختلف آن لائن تجارتی پلیٹ فارموں سے خریدی تھی اور تقریباً دو برس سے مسلسل استعمال کر رہی تھیں۔شکایات موصول ہونے کے بعد کریم کے نمونے حاصل کرکے تجربہ گاہ میں جانچ کرائی گئی، جہاں اس میں نقصان دہ پارہ کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس کریم کا طویل عرصے تک استعمال گردوں، اعصابی نظام اور جسم کے دیگر اہم اعضا کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے، جس کے باعث صارفین کو اس کے استعمال سے گریز کرنا چاہیے۔خوراک و ادویات انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر معیاری یا غیر مجاز جلدی مصنوعات خریدنے سے احتیاط کریں اور صرف مجاز و معیاری مصنوعات ہی استعمال کریں۔
Post a Comment