Chennagiri to mark Press Day on July 28; T.N. Jagdish to receive Chanmoji Award چنگری میں 28 جولائی کو یومِ صحافت؛ ٹی این جگدیش کو چنمّوجی ایوارڈ

چنگری میں 28 جولائی کو یومِ صحافت کی تقریب، چنمّوجی ایوارڈ بھی پیش کیا جائے گا

نو منتخب عہدیداران کی حلف برداری، سینئر صحافی ٹی این جگدیش کو چنمّوجی ایوارڈ سے نوازا جائے گا

چنگری، 6 جولائی (الطاف رضوی)

کرناٹک ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی چنگری تعلقہ یونٹ کی جانب سے 28 جولائی کو شاندار انداز میں یومِ صحافت منایا جائے گا۔ اس موقع پر حالیہ انتخابات میں منتخب ہونے والے تعلقہ یونٹ کے صدر اور دیگر عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب بھی منعقد ہوگی، جبکہ ممتاز صحافیوں کی خدمات کے اعتراف میں چنمّوجی ایوارڈ بھی پیش کیا جائے گا۔اس بات کا اعلان چنگری تعلقہ صحافی انجمن کے صدر ردریش ٹی نے اتوار کے روز انجمن کے دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی یومِ صحافت نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منایا جائے گا، جس میں صحافیوں، عوامی نمائندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس سال سینئر صحافی ٹی این جگدیش کو صحافت کے میدان میں ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں چنمّوجی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ردریش ٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ اپنی میعادِ صدارت کے دوران شہری اور دیہی علاقوں کے صحافیوں تک حکومت کی مختلف فلاحی اسکیموں کے فوائد پہنچانے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے مسائل کے حل اور ان کے لیے بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے سلسلے میں مقامی رکنِ اسمبلی سے ملاقات کر کے صحافیوں کے لیے زمین مختص کرنے کی بھی درخواست کی جائے گی۔اجلاس میں ریاستی صدر شیوانند تاگڈور، ضلع صدر منجوناتھ، ارکانِ اسمبلی بسوراج وی شیوگنگا اور کے ایس بسونتپا، بایو ڈائیورسٹی کارپوریشن بورڈ کے صدر وڈنال جگدیش، سابق ارکانِ اسمبلی وڈنال راجنا اور ماڈال ویروپاکشا، کانگریس رہنما مہیما جے پٹیل اور ہودیگیرے رمیش، تعلقہ تحصیلدار این جے ناگراج، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ردرپا اُجنی کوپا، ضلع ڈائریکٹر رگھو پرساد، نائب صدر کمار کوگلور، دیوراج، ایچ وی ناٹراج، پونیت، لنگراج، نتن اور دیگر صحافی و معززین موجود تھے۔

0/Post a Comment/Comments