لاونیا قتل کیس کے ملزم کو سخت ترین سزا دینے کا مطالبہ
بابا جان مدھول نے غیر جانبدارانہ تحقیقات اور خواتین کے تحفظ پر زور دیا
ہبلی، 20 جولائی (حقیقت ٹائمز)
قومی اہند تنظیم کے ریاستی تشہیری کمیٹی کے صدر بابا جان مدھول اور تنظیم کے ریاستی صدر متھنا شیوالی نے منگلورو ضلع کے بنٹوال تعلقہ کے بی سی روڈ بس اسٹینڈ پر دن دہاڑے پیش آنے والے لاونیا قتل کیس کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے۔جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ عوامی مقام پر اس طرح کا بہیمانہ قتل نہ صرف ایک سنگین جرم ہے بلکہ اس سے عوام میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے حکومت اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی مکمل غیر جانبداری اور شفافیت کے ساتھ تحقیقات کی جائیں اور کسی بھی دباؤ میں آئے بغیر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔بیان میں ساحلی کرناٹک کی بعض سیاسی اور مذہبی تنظیموں پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا کہ وہ عوامی مسائل کے بجائے فرقہ وارانہ موضوعات کو ہوا دے کر سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ لاونیا قتل کے معاملے میں ایسے عناصر نے متاثرہ خاندان سے اظہارِ تعزیت یا ہمدردی کیوں نہیں کی۔بابا جان مدھول نے کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم کی روک تھام کے لیے حکومت کو مؤثر اور سخت اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔اس مطالبے کی حمایت کرنے والوں میں مولا صاحب نداف، شنکر بھوجگار، کیشو مورتی، یوسف بلاری، وجے کمار، کریم لککنڈی، رمیش بھوسلے، گنگا دھر پیروُر، پیر صاحب نداف، بیرپا کٹگی اور دیگر سماجی کارکنان شامل ہیں۔
Post a Comment