انجمن اسلام کمیٹی کی رکنیت سازی مہم کا شاندار آغاز
پہلے ہی دن غیر معمولی جوش، سینکڑوں فارم جمع؛ انتخابی سرگرمیاں تیز
آلکل، 20 جولائی (سلیمان چوپدار)
شہر کے معروف تعلیمی ادارے انجمن اسلام کمیٹی کے آئندہ انتخابات کے پیشِ نظر رکنیت سازی مہم کا آغاز 20 جولائی سے کر دیا گیا۔ مہم کے پہلے ہی دن شہر کے نوجوانوں، معزز شہریوں، ملت کے بزرگوں اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رکنیت فارم حاصل کرنے اور جمع کرانے کے لیے بڑی تعداد میں شرکت کی۔منتظمین کے مطابق صرف چار گھنٹوں کے دوران 250 سے زائد رکنیت فارم پُر کرکے جمع کرائے گئے، جس سے عوامی دلچسپی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ رکنیت سازی مہم 6 اگست تک جاری رہے گی اور اس دوران 5 سے 6 ہزار نئے اراکین کی شمولیت کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔اس موقع پر شہر میں انتخابی ماحول بھی گرم ہوتا دکھائی دیا۔ مختلف حلقوں میں "سلیکشن نہیں، الیکشن ہوگا" کا نعرہ سنائی دیا، جبکہ انجمن تحریک بچاؤ کے نوجوانوں نے رکنیت حاصل کرنے کے لیے آنے والے افراد کا پھول پیش کرکے استقبال کیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی برسوں سے انجمن میں انتخاب کے بجائے نامزدگی کا طریقہ اختیار کیا جاتا رہا، تاہم اس مرتبہ وہ شفاف اور جمہوری انتخابات کے خواہاں ہیں تاکہ نئے اور اہل چہرے انجمن کی قیادت سنبھال سکیں۔رکنیت سازی مہم کے آغاز سے شہر میں انتخابی سرگرمیوں نے تیزی اختیار کر لی ہے اور عوام کی دلچسپی میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اب سب کی نظریں آئندہ مہینوں میں ہونے والے انتخابی عمل پر مرکوز ہیں کہ یہ مہم کس سمت اختیار کرتی ہے اور انجمن اسلام کمیٹی کی قیادت میں کیا تبدیلیاں سامنے آتی ہیں۔
Post a Comment