اجولا منصوبہ میں سلنڈر نو سے گھٹا کر چار کرنا عوام دشمن فیصلہ — ویلفیئر پارٹی
قیمت میں انتیس روپے اضافہ غریب اور متوسط طبقے پر ظلم ہے — تاج الدین شریف
ٹمکورو 15 جون (حقیقت ٹائمز)
ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے ضلع صدر تاج الدین شریف نے وزیر اعظم اجولا یوجنا (PMUY) کے تحت مستفیدین کو فراہم کیے جانے والے سبسڈی والے ایل پی جی سلنڈروں کی تعداد سالانہ 9 سے کم کرکے 4 کرنے اور سلنڈر کی قیمت میں 29 روپے اضافے پر شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے اس فیصلے کی سخت مذمت کی ہے۔یہاں جاری ایک بیان میں تاج الدین شریف نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ’’دھواں سے پاک گھر‘‘ کا خواب دکھاتے ہوئے اجولا یوجنا کا آغاز کیا تھا اور ابتدا میں مستحق خاندانوں کو سالانہ 12 عدد 14.2 کلوگرام کے ایل پی جی سلنڈر فراہم کیے جاتے تھے۔ بعد ازاں اس تعداد کو کم کرکے 9 کردیا گیا اور اب اچانک مزید 5 سلنڈر کم کرکے صرف 4 سلنڈر فراہم کرنے کا اعلان انتہائی افسوسناک اور عوام مخالف اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ مرکزی حکومت غریب اور متوسط طبقے کے کھانے کی تھالی تک پہنچ گئی ہے اور بالواسطہ طور پر عوام کو کم کھانے یا بھوکا رہنے پر مجبور کر رہی ہے۔تاج الدین شریف نے الزام عائد کیا کہ ایک طرف حکومت نے چار نئے لیبر کوڈ نافذ کرکے محنت کش طبقے کے حقوق محدود کیے ہیں، تو دوسری جانب مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے اور ضروری اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں۔ ایسے حالات میں پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کرے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کو قیمتوں میں اضافے کا جواز بنا رہی ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ اگر مہنگائی بڑھ رہی ہے تو محنت کشوں کی اجرت اور عام شہریوں کی آمدنی میں اضافہ کیوں نہیں کیا جا رہا؟ویلفیئر پارٹی کے ضلع صدر نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اجولا یوجنا کے تحت مستفیدین کو پہلے کی طرح مناسب تعداد میں سبسڈی والے سلنڈر فراہم کرے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر عوام کو مزید معاشی بوجھ سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
Post a Comment