Urdu Students Organisation Kozhikode Announces New Committee for 2026-27 یو ایس او کالی کٹ: نئی کمیٹی کا اعلان، عہدیداران منتخب

کالی کٹ مرکز میں اردو اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی نئی کمیٹی قائم 

احسان الحق صدر، محمد فیض اختر جنرل سکریٹری منتخب

کالی کٹ، 16 جون (عبدالکریم امجدی)

جامعہ مرکز الثقافۃ السنیہ، کالی کٹ میں زیرِ تعلیم مختلف ریاستوں کے اردو طلبہ پر مشتمل اردو اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (USO) کی نئی مرکزی کمیٹی برائے تعلیمی سال 2026-27 کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔ اس موقع پر مقررین نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تنظیمی پلیٹ فارم کے ذریعے اپنی تعلیمی، فکری اور دعوتی صلاحیتوں کو فروغ دیں اور قوم و ملت کی خدمت کے لیے خود کو تیار کریں۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ طلبہ کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں۔ اگر ان میں نظم و ضبط، اتحاد اور تنظیمی شعور پیدا ہو جائے تو وہ نہ صرف اپنی تعلیمی زندگی میں کامیابی حاصل کرتے ہیں بلکہ مستقبل میں قوم و ملت کی بہتر رہنمائی بھی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم طلبہ کو ایسا پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھارتے، قیادت کی خوبیوں سے آراستہ ہوتے اور اجتماعی کاموں کا عملی تجربہ حاصل کرتے ہیں۔

اجلاس میں اتفاقِ رائے سے احسان الحق (جموں و کشمیر) کو صدر، محمد فیض اختر (مغربی بنگال) کو جنرل سکریٹری اور سید واسط بخاری کو فنانس سکریٹری منتخب کیا گیا۔اسی طرح سید احمد علی (اوڈیشہ) اور انضمام الحق (گجرات) نائب صدور منتخب ہوئے، جبکہ احمد رضا (اتر پردیش) کو ڈپٹی صدر کی ذمہ داری سونپی گئی۔ مبارک علی (اتر پردیش) اور ایم۔ ڈی۔ ساجد رضا (جھارکھنڈ) کو جوائنٹ سکریٹری منتخب کیا گیا، جبکہ اکرام حسین (ہریانہ) اسسٹنٹ سکریٹری مقرر ہوئے۔ منظور عالم (اتر پردیش) کو کنوینر منتخب کیا گیا۔کونسلرز کے طور پر شہزاد (اتر پردیش)، حافظ میر زاہد (کیرالا) اور نظام الدین (بہار) کا انتخاب عمل میں آیا۔نئی کمیٹی کا اعلان جامعہ میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران کیا گیا۔ تقریب کی صدارت عمر علی ثقافی نے کی، جبکہ ایس ایس ایف کے قومی صدر سی۔ پی۔ عبیداللہ ثقافی مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔اس موقع پر ابوبکر ثقافی، بشیر ثقافی، فاضل ثقافی اور صدیق الامین مینادی ثقافی نے تہنیتی خطابات پیش کیے اور نو منتخب عہدیداران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پروگرام کا آغاز استقبالیہ کلمات سے ہوا، جو جنرل سکریٹری منتخب محمد فیض اختر نے پیش کیے، جبکہ سید واسط بخاری نے اظہارِ تشکر ادا کیا۔مقررین نے امید ظاہر کی کہ نئی کمیٹی طلبہ میں تعلیمی و دعوتی شعور بیدار کرنے اور اردو زبان و ادب کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔

0/Post a Comment/Comments