ایس آئی آر پر عوامی الجھن دور کرنا ناگزیر، کوئی اہل ووٹر محروم نہ رہے: افسر کوڈلی پیٹ
ایس ڈی پی آئی کی تربیتی ورکشاپ، ووٹر فہرست سے متعلق بیداری اور رہنمائی پر زور
داونگیرے، 16 جون (الطاف رضوی)
سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) کے ریاستی جنرل سکریٹری افسر کوڈلی پیٹ نے کہا ہے کہ ووٹر فہرست سے متعلق ایس آئی آر (SIR) کے عمل کے بارے میں عوام میں پائی جانے والی الجھن کو دور کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ کوئی بھی اہل شہری اپنے حقِ رائے دہی سے محروم نہ رہ جائے۔انہوں نے یہ بات پیر کے روز شہر کے اختر رضا سرکل میں واقع ایس ڈی پی آئی دفتر میں منعقدہ ایک تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس کا مقصد ووٹر فہرست (SIR) سے متعلق فارم بھرنے کے عمل، ضروری دستاویزات اور دیگر تقاضوں کے بارے میں عوامی شعور بیدار کرنا تھا۔افسر کوڈلی پیٹ نے کہا کہ ملک کی مختلف ریاستوں میں ووٹر فہرست کی نظرثانی کے دوران کئی اہل شہری عدم واقفیت یا تکنیکی پیچیدگیوں کے باعث اپنے ووٹ کے حق سے محروم ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں بھی ایسے خدشات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، اس لیے پیشگی تیاری اور عوامی بیداری بے حد ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ نقشہ سازی کے مرحلے کے بعد ہونے والے گنتی اور تصدیقی عمل میں فارم کو درست طریقے سے بھرنا، مطلوبہ دستاویزات تیار رکھنا اور طریقۂ کار سے مکمل آگاہی انتہائی اہم ہے۔ اس مقصد کے لیے کارکنان، کمیونٹی قائدین اور سماجی تنظیموں کو آگے آکر عوام کی رہنمائی کرنی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ گھر گھر پہنچ کر لوگوں کی مدد کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ معلومات کے فقدان کی وجہ سے کئی افراد اس عمل کو مکمل نہیں کر پاتے اور بعد میں ووٹر فہرست سے خارج ہونے کا خدشہ پیدا ہو جاتا ہے۔ورکشاپ میں مساجد کمیٹیوں کے عہدیداران، علمائے کرام، اساتذہ، مختلف تنظیموں کے نمائندے، سماجی کارکنان اور خواتین تنظیموں کی قائدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء کو ایس آئی آر کے عمل کی مکمل تفصیلات، فارم بھرنے کے طریقۂ کار، درپیش عام مسائل اور ان کے ممکنہ حل کے بارے میں جامع رہنمائی فراہم کی گئی۔

افسر کوڈلی پیٹ نے کہا کہ "ووٹ کا حق صرف ایک آئینی حق نہیں بلکہ جمہوریت کے تئیں ایک اہم ذمہ داری بھی ہے۔ یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ کوئی بھی اہل شہری کسی بھی وجہ سے ووٹر فہرست سے باہر نہ رہ جائے۔"ورکشاپ کی صدارت ایس ڈی پی آئی کے ضلعی صدر اے۔آر۔ طاہر نے کی، جبکہ اسٹیج پر ضلعی نائب صدر رضوی ریاض احمد، ضلعی خزانچی محمد اظہر الدین، ضلعی کمیٹی کے اراکین یحییٰ، اعجاز احمد اور دیگر موجود تھے۔
Post a Comment