رانی چنّمّا رہائشی اسکول میں بچوں اور خواتین کے تحفظ پر بیداری پروگرام
ہیلپ لائن نمبروں، پوکسو قانون اور سائبر تحفظ پر طلبہ کو اہم رہنمائی
چنگری، 29 جون (الطاف رضوی)
تعلقہ چنگری کے گاؤں کاکنور میں واقع رانی چنّمّا رہائشی اسکول میں محکمۂ خواتین و اطفال کی ترقی اور ضلع پولیس کے اشتراک سے بچوں اور خواتین کے تحفظ، ہنگامی ہیلپ لائن خدمات اور قانونی آگاہی کے موضوع پر ایک بیداری پروگرام منعقد کیا گیا۔پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے سنتے بنور پولیس اسٹیشن کی پولیس اہلکار لکشمی اناویری نے کہا کہ طلبہ کے لیے کم عمری کی شادی پر پابندی، پوکسو (POCSO) ایکٹ، خواتین کے تحفظ، سائبر سکیورٹی اور موبائل فون کے محفوظ استعمال سے متعلق بنیادی معلومات حاصل کرنا نہایت ضروری ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہنگامی حالات میں عوام مختلف سرکاری ہیلپ لائن خدمات سے فوری مدد حاصل کر سکتے ہیں، جن میں 112 (پولیس، فائر اینڈ ایمبولینس)، 1098 (چائلڈ ہیلپ لائن)، 1930 (سائبر فراڈ ہیلپ لائن) اور 181 (خواتین ہیلپ لائن) شامل ہیں۔لکشمی اناویری نے طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ نامعلوم افراد، آن لائن دھوکہ بازوں اور موبائل فون کے غلط استعمال سے محتاط رہیں، کم عمری کی شادی سے دور رہیں اور کسی بھی قسم کے تشدد، ہراسانی یا خطرے کی صورت میں بلا جھجھک متعلقہ ہیلپ لائن یا پولیس سے رابطہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پوکسو ایکٹ بچوں کو جنسی جرائم سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا ایک مؤثر قانون ہے، جس سے ہر طالب علم کو واقف ہونا چاہیے۔اسکول کے پرنسپل پربھو نے اپنے خطاب میں کہا کہ طلبہ اپنی توجہ تعلیم پر مرکوز رکھیں، درست فیصلے کرنے کی صلاحیت پیدا کریں اور حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہتے ہوئے تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کریں۔پروگرام کے دوران طلبہ کے ساتھ سوال و جواب کا خصوصی سیشن بھی منعقد کیا گیا، جس میں انہیں مختلف قانونی اور سماجی موضوعات پر رہنمائی فراہم کی گئی۔اس موقع پر کلا سنسکرتی پریشد کے ریاستی صدر ناگراج، رکشنی، روپ، سومنا سمیت اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔
Post a Comment