تنگا بھدرا ڈیم کے کریسٹ گیٹ اور جدید چین لنک نظام کی تکمیل
وزیر آبی وسائل رام لنگا ریڈی کا افتتاح سے قبل معائنہ، حفاظتی اقدامات پر زور
وجئے نگر (ہوسپیٹ)، 18 جون (جی چندراکانتھ)
ریاستی وزیر آبی وسائل رام لنگا ریڈی نے جمعرات کے روز تنگا بھدرا ڈیم کا دورہ کرتے ہوئے نئے نصب کردہ کریسٹ گیٹ اور جدید ہائیڈرالک چین لنک نظام کے کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے افتتاح سے قبل جاری تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے تفصیلات حاصل کیں۔واضح رہے کہ گزشتہ سال ڈیم کے 19ویں کریسٹ گیٹ کی چین لنک ٹوٹ جانے کے باعث بڑی مقدار میں پانی ضائع ہوگیا تھا، جس کے بعد ریاستی حکومت نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ڈیم کی مرمت اور جدید کاری کا کام شروع کیا تھا۔اب کریسٹ گیٹوں کی تنصیب اور جدید ہائیڈرالک چین لنک نظام کی تنصیب کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ وزیر موصوف نے موقع پر پہنچ کر نئے نظام کی تکنیکی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا اور حکام کو مستقبل میں ڈیم کی حفاظت اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔اس موقع پر رکن پارلیمان راج شیکھر ہٹنال، بلاری زون کے پولیس انسپکٹر جنرل ڈاکٹر پی۔ ایس۔ ہرشا، وجئے نگر ضلع کی ڈپٹی کمشنر کویتا ایس۔ منی کیری، کوپل ضلع کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سریش اٹنال سمیت مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔
Post a Comment