New Hijri Year Begins: Muharram Moon Sighted, Ashura on June 26 محرم 1448ھ کا آغاز، عاشورہ چھبیس جون کو

کرناٹک میں محرم الحرام 1448ھ کا چاند نظر آ گیا، یومِ عاشورہ 26 جون کو ہوگا

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اعلان، یکم محرم 17 جون بروز چہارشنبہ

بنگلورو، 16 جون (حقیقت ٹائمز) 

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرناٹک نے اعلان کیا ہے کہ محرم الحرام 1448 ہجری کا چاند نظر آ گیا ہے، جس کے مطابق یکم محرم الحرام 1448ھ بروز چہارشنبہ، 17 جون 2026ء ہوگی، جبکہ یومِ عاشورہ (10 محرم الحرام) بروز جمعہ، 26 جون 2026ء کو منایا جائے گا۔کمیٹی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق منگل، 16 جون 2026ء بمطابق 29 ذی الحجہ 1447ھ کو بعد نمازِ مغرب دارالاوقاف میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت امارتِ شرعیہ کرناٹک کے رکنِ مجلس اور ممتاز عالمِ دین مولانا مفتی افتخار احمد قاسمی نے کی۔اعلامیہ میں بتایا گیا کہ بنگلورو شہر میں مطلع صاف تھا اور چاند کی رویت کی تصدیق ہوئی۔ اس کے علاوہ ریاست کرناٹک کے مختلف مقامات، جن میں چکبالاپور، بلہاری، باگے پلی اور بیدر شامل ہیں، نیز بیرونِ ریاست پھلواری شریف، لکھنؤ، نلگنڈہ اور غازی پور سے بھی رویت کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

موصولہ شرعی شہادتوں اور اطلاعات کا جائزہ لینے کے بعد اجلاس میں شریک علماء کرام نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ 17 جون 2026ء کو یکم محرم الحرام قرار دیا جائے۔اجلاس میں حضرت مولانا عبدالقادر شاہ واجدی ابوالعلائی، حضرت مولانا اعجاز احمد ندوی، حضرت مولانا قاری محمد ذوالفقار رضا نوری اور حضرت مولانا سید منظور رضا عابدی سمیت دیگر علماء کرام شریک رہے۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرناٹک کے کنوینر اور امارتِ شرعیہ کرناٹک کے رکنِ مجلس مولانا مفتی ڈاکٹر محمد مقصود عمران رشادی نے اس بات کی اطلاع دی ہے ۔

0/Post a Comment/Comments