Mysuru Pub Fire Triggers Crackdown on Unlicensed Establishments غیر مجاز پب و بار پر کارروائی، ڈی سی معطلی کی سفارش

بغیر لائسنس پب و بار چلانے والوں کے خلاف قانونی شکنجہ کسا جائے گا

ایکسائز افسران کی غفلت پر بھی کارروائی، وزیر یتیندر سدارامیا کا اعلان

میسورو، 16 جون (حقیقت ٹائمز)

شہر میں پیش آئے حالیہ پب آتشزدگی واقعہ کے بعد ریاستی وزیر برائے شہری ترقیات ڈاکٹر یتیندر سدارامیا نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغیر لائسنس چلائے جا رہے پب اور بار و ریستورانوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، جبکہ متعلقہ ایکسائز ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کی معطلی کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ پیر کے روز میسورو میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر یتیندر سدارامیا نے بتایا کہ جس پب میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، وہ کسی بھی قسم کے قانونی لائسنس کے بغیر چلایا جا رہا تھا۔ اس سلسلے میں پب کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ انہیں یہ اطلاع ملی ہے کہ میسورو میں متعدد پب، بار اور ریستوران بغیر لائسنس کے چلائے جا رہے ہیں۔ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ایکسائز محکمہ کے حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ شہر بھر میں خصوصی مہم چلا کر تمام غیر قانونی تجارتی اداروں کی نشاندہی کریں اور ان کے خلاف سخت اقدامات کریں۔وزیر موصوف نے الزام عائد کیا کہ بعض غیر مجاز بارز اور پب برسوں سے چل رہے ہیں، لیکن متعلقہ ایکسائز حکام نے چشم پوشی اختیار کر رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں غفلت برتنے والے افسران کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی اور ایکسائز ڈپٹی کمشنر کی معطلی کی سفارش حکومت کو ارسال کی جا رہی ہے۔ڈاکٹر یتیندر سدارامیا نے مزید کہا کہ پولیس محکمہ کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ شہر کے تمام علاقوں میں خصوصی جانچ مہم چلائے اور فائر سیفٹی سمیت دیگر حفاظتی اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ میسورو کے تمام تجارتی عمارتوں، خصوصاً پب، بار اور ریستورانوں میں آگ سے بچاؤ کے انتظامات کا جائزہ لینے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے افسوسناک واقعات کی تکرار نہ ہو۔

ایم ایل سی انتخابات میں کانگریس امیدواروں کی کامیابی کا دعویٰ

ایم ایل سی انتخابات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر یتیندر سدارامیا نے کہا کہ کانگریس نے پانچویں امیدوار کو بھی میدان میں اتارا ہے اور پارٹی کو اپنی کامیابی پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج منعقد ہونے والے کانگریس لیجسلیچر پارٹی (سی ایل پی) اجلاس میں وہ بھی شریک ہوں گے اور انتخابی عمل کے دوران اس طرح کی سرگرمیاں معمول کا حصہ ہیں۔

بِڈدی ٹاؤن شپ منصوبہ ناگزیر، 80 فیصد کسان راضی: یتیندر

بِڈدی ٹاؤن شپ منصوبے سے متعلق جاری تنازعہ پر وزیر نے کہا کہ یہ منصوبہ وقت کی اہم ضرورت ہے اور تقریباً 80 فیصد کسان اپنی زمین دینے پر آمادہ ہو چکے ہیں۔ ان کے مطابق بعض افراد اس منصوبے کی مخالفت کر رہے ہیں، جبکہ جنتا دل (سیکولر) اس مسئلے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ چند افراد کی مخالفت کی بنیاد پر منصوبہ ترک نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ بنگلورو میں آبادی کا دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے اور ہزاروں افراد کو رہائشی پلاٹوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بنگلورو کی توسیع ناگزیر ہے اور حکومت کسانوں سے مسلسل بات چیت کرتے ہوئے انہیں اعتماد میں لے کر ہی اس منصوبے کو آگے بڑھائے گی۔

0/Post a Comment/Comments