ہندوستان لوٹنے والے حجاج کرام کے لیے اہم اعلان
ایبولا احتیاطی تدابیر کے تحت سیلف ڈیکلریشن فارم جمع کرانا لازمی قرار
ممبئی، 3 جون (حقیقت ٹائمز)
حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2026 سے واپس وطن لوٹنے والے حجاج کے لیے ایک اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان پہنچنے پر تمام حجاج کرام کو لازمی طور پر خود اقراری صحتی فارم جمع کرانا ہوگا۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شانواز سی کی جانب سے جاری کردہ سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ حکومت ہند کی وزارتِ صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے ایبولا وائرس کی نگرانی اور احتیاطی اقدامات کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔اس اقدام کا مقصد ملک میں داخل ہونے والے مسافروں کی صحت کی جانچ اور عوامی صحت کے تحفظ کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔سرکلر کے مطابق وطن واپسی کرنے والے تمام حجاج کو اپنی پرواز میں سوار ہونے سے قبل خود اقراری صحتی فارم مکمل طور پر پُر کرنا ہوگا اور ہندوستان پہنچنے کے بعد ہوائی اڈوں پر موجود صحت حکام کے حوالے کرنا ہوگا۔حج کمیٹی نے تمام متعلقہ ذمہ داران، ریاستی حج کمیٹیوں اور حج انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ حجاج کو اس نئی شرط سے بروقت آگاہ کریں تاکہ واپسی کے سفر کے دوران انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔سرکلر میں ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حج کمیٹیوں سے کہا گیا ہے کہ اس ہدایت کی وسیع پیمانے پر تشہیر کی جائے اور ہوائی اڈوں پر حجاج کرام کو مطلوبہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ضروری انتظامات بھی کیے جائیں۔اس کے علاوہ حج پروازیں چلانے والی تمام فضائی کمپنیوں سے بھی تعاون کی اپیل کی گئی ہے تاکہ عازمینِ حج روانگی سے قبل فارم مکمل کر سکیں اور مقررہ ضابطوں کی آسانی سے پابندی ہو سکے۔حج کمیٹی آف انڈیا نے اس معاملے کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے تمام حجاج کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ صحت عامہ کے مفاد میں جاری کردہ ہدایات پر مکمل عمل کریں اور وطن واپسی سے قبل ضروری دستاویزات کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔
Post a Comment