فرائض میں کوتاہی پر ڈپٹی کمشنر کا سخت رویہ، غیر حاضر ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت
سرکاری دفاتر کا اچانک معائنہ؛ خالی کرسیاں اور بے ترتیبی دیکھ کر افسران کی سرزنش
کولار، 16 جون (شبیر احمد)
ضلع میں سرکاری خدمات کو مزید شفاف، مؤثر اور عوام دوست بنانے کے مقصد سے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ایم۔ آر۔ روی نے پیر کے روز ضلع انتظامیہ بھون میں قائم مختلف سرکاری دفاتر کا اچانک معائنہ کیا۔ اس دوران کئی دفاتر میں ملازمین کی غیر حاضری اور انتظامی بے ترتیبی سامنے آنے پر انہوں نے متعلقہ افسران کو سخت ہدایات جاری کیں۔ریاستی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کے لیے "کرتویہ ایپ" کے لازمی استعمال کی ہدایت کے بعد کیے گئے اس اچانک معائنے کو غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔ معائنے کے دوران صبح 10:45 بجے تک متعدد افسران اور ملازمین اپنی ڈیوٹی پر حاضر نہیں تھے۔ دفاتر میں خالی کرسیاں دیکھ کر ڈپٹی کمشنر نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے غیر مجاز طور پر غیر حاضر ملازمین کے خلاف فوری طور پر شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت دی۔ڈاکٹر ایم۔ آر۔ روی نے اس موقع پر کھادی و دیہی صنعت بورڈ، الیکشن شاخ، امبیڈکر ڈیولپمنٹ کارپوریشن، بھووی ڈیولپمنٹ کارپوریشن، محکمہ سیاحت، دیہی پینے کے پانی و صفائی ستھرائی محکمہ، محکمہ ہینڈلوم و ٹیکسٹائل اور محکمہ محنت سمیت مختلف دفاتر کا دورہ کیا اور وہاں جاری کاموں کا جائزہ لیا۔

انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ مختلف کارپوریشنوں اور بورڈوں کے ذریعے نافذ کی جانے والی سرکاری اسکیموں کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ محض بینکوں کے ذریعے چلائی جانے والی اسکیمیں نہیں بلکہ حکومت کے عوامی فلاحی منصوبے ہیں، اس لیے ان کا مکمل اور شفاف نفاذ یقینی بنایا جانا چاہیے۔ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کی ویب سائٹس کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ رکھنے کی بھی ہدایت دی تاکہ عوام کو مختلف اسکیموں، سہولتوں اور سرکاری خدمات سے متعلق معلومات آسانی سے دستیاب ہو سکیں۔عوامی کاموں میں دلالوں کی مداخلت اور رشوت ستانی کی شکایات پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کسی بھی صورت میں بدعنوانی کو برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے ضلع کمشنر دفتر کے سامنے ایک ڈیجیٹل ڈسپلے بورڈ نصب کرنے کی ہدایت بھی دی، جس پر ملازمین کی حاضری کی تفصیلات اور انسدادِ بدعنوانی سے متعلق آگاہی پیغامات نمایاں کیے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر کے اس اچانک معائنے اور سخت ہدایات کے بعد ضلع انتظامیہ میں ہلچل مچ گئی ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے سرکاری دفاتر میں نظم و ضبط، جوابدہی اور کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایس۔ ایم۔ منگلا سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
Post a Comment