بنگلورو کے شہریوں کے معیارِ زندگی میں بہتری حکومت کی اولین ترجیح: کرشنا بائرے گوڑا
ٹریفک، صفائی اور معیاری سڑکوں کے لیے افسران کو جوابدہ اور مؤثر انداز میں کام کرنے کی ہدایت
بنگلورو، 16 جون (حقیقت ٹائمز)
ریاستی وزیر برائے گریٹر بنگلورو ڈیولپمنٹ اتھارٹی کرشنا بائرے گوڑا نے کہا ہے کہ بنگلورو میں مقیم تقریباً ڈیڑھ کروڑ شہریوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے تحت تمام متعلقہ افسران کو مؤثر اور جوابدہ انداز میں کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔منگل کے روز گریٹر بنگلورو ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جی بی اے) کے تحت قائم پانچ شہری کارپوریشنوں، بی-اسمائل اور بنگلورو سالڈ ویسٹ مینجمنٹ لمیٹڈ سمیت مختلف اداروں کی پہلی جائزہ میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنگلورو بے شمار مواقع کے ساتھ ساتھ کئی چیلنجوں کا بھی سامنا کر رہا ہے۔ یہ شہر تقریباً ڈیڑھ کروڑ افراد کو روزگار، تعلیم اور بہتر طرزِ زندگی کے مواقع فراہم کر رہا ہے اور ریاست کے ساتھ ساتھ ملک کا ایک قیمتی اثاثہ بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف حصوں سے لوگ اور بڑی کمپنیاں بنگلورو میں سرگرم ہیں، اس لیے گریٹر بنگلورو اتھارٹی کے نظم و نسق کو مزید مؤثر اور عوام دوست بنانے کے لیے اصلاحاتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔وزیر موصوف نے بتایا کہ شہر میں سڑکوں کی دیکھ بھال، اسٹریٹ لائٹس، ٹریفک جام، صفائی، خوبصورتی، بارش کے دوران پانی جمع ہونے جیسے مسائل کے فوری حل کے لیے سابقہ شہری انتظامی ڈھانچے کو ازسرِ نو ترتیب دے کر گریٹر بنگلورو اتھارٹی قائم کی گئی ہے۔ اس کے تحت پانچ شہری کارپوریشنیں تشکیل دی گئی ہیں اور کمشنروں کو مکمل اختیارات و ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں تاکہ مقامی مسائل کو جلد از جلد حل کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ سے نمٹنے کے لیے ٹنل روڈ، ایلیویٹڈ کوریڈور اور جدید شاہراہوں کے منصوبے تیار کیے گئے ہیں اور انہیں عملی شکل دی جا رہی ہے۔ اسی طرح جائیداد کے غیر واضح کھاتوں کے مسئلے کے حل کے لیے ملک میں پہلی مرتبہ جدید ای-کھاتا نظام نافذ کیا گیا ہے۔

کرشنا بائرے گوڑا نے کہا کہ شہر کی طویل مدتی ترقی کے لیے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے، تاہم اس کے ساتھ ساتھ عوام کے روزمرہ مسائل کا فوری حل بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوامی شکایات کے ازالے کو اولین ترجیح دیں اور انتظامی نظام کو مزید فعال بنائیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سماجی، ثقافتی، فنّی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے بغیر شہریوں کے معیارِ زندگی میں حقیقی بہتری ممکن نہیں۔ اسی لیے حکومت 360 ڈگری نقطۂ نظر کے ساتھ بنگلورو کو ایک بہتر اور خوشحال شہر بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بنگلورو سب کا شہر ہے اور وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے اس کی ترقی کے لیے واضح اور دور رس منصوبے مرتب کیے ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ افسران، عوامی نمائندے اور شہری مل کر شہر کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
سڑکوں کے گڑھے بند کرنا ’’راکٹ سائنس‘‘ نہیں
کرشنا بائرے گوڑا نے سڑکوں کی خراب حالت پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بنگلورو میں ایک طرف گڑھے بھرے جاتے ہیں تو دوسری طرف نئے گڑھے بن جاتے ہیں، جو ایک معمول بن چکا ہے۔انہوں نے افسران سے سوال کیا کہ ’’آخر ایسی کون سی مشکل ہے کہ معیاری اور پائیدار سڑکیں تعمیر نہیں کی جا سکتیں؟ کیا اچھی سڑک بنانا راکٹ سائنس سے بھی زیادہ پیچیدہ کام ہے؟‘‘۔انہوں نے کہا کہ جنوبی ہندوستان کے دیگر شہروں کے مقابلے میں بنگلورو کی سڑکوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ اب وقتی اور عارضی مرمت کے بجائے ایسی معیاری سڑکیں تعمیر کی جانی چاہئیں جو طویل عرصے تک برقرار رہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جو افسران دیانت داری اور معیار کے ساتھ کام کریں گے، حکومت ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی۔وزیر نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ صفائی کے نظام میں تعاون کریں اور گھر گھر آنے والی کچرا جمع کرنے والی گاڑیوں کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ افسران اور عوام کے مشترکہ تعاون سے ہی بنگلورو کے مسائل کا مستقل حل ممکن ہے۔
Post a Comment