حج 2027 کی تیاریوں کا آغاز، عازمین کو پاسپورٹ تیار رکھنے کی ہدایت
حج کمیٹی آف انڈیا کا اہم سرکلر جاری، باضابطہ اعلان جلد متوقع
ممبئی، 2 جون (حقیقت ٹائمز)
حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2027 (1448 ہجری) کے انتظامات کے سلسلے میں ایک اہم سرکلر جاری کرتے ہوئے ملک بھر کے خواہش مند عازمینِ حج کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے پاسپورٹ بروقت تیار رکھیں اور مقررہ شرائط کی تکمیل کو یقینی بنائیں، تاکہ حج درخواستوں کے آغاز کے وقت کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے جاری کردہ سرکلر کے مطابق، مملکتِ سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے 29 مئی 2026 کو حج 1448 ہجری (حج 2027) کے لیے تیاریوں سے متعلق رہنما دستاویز جاری کر دی ہے۔ اس اقدام کے ساتھ ہی حج 2027 کے انتظامات کے ابتدائی مراحل کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے اور آئندہ دنوں میں حج کا سرکاری اعلان جاری کیے جانے کا امکان ہے۔سرکلر میں کہا گیا ہے کہ مرکزی حج کمیٹی کے ذریعے حج ادا کرنے کے خواہش مند افراد ابھی سے اپنی دستاویزات کی جانچ اور تیاری مکمل کر لیں۔ خاص طور پر پاسپورٹ کے سلسلے میں چند اہم شرائط کی پابندی لازمی قرار دی گئی ہے۔
حج کمیٹی کے مطابق عازمین کا پاسپورٹ جدید مشینی نظام کے مطابق قابلِ مطالعہ (مشین ریڈیبل) ہونا چاہیے اور اس کی معیاد کم از کم 31 دسمبر 2027 تک برقرار رہنی ضروری ہے۔ مزید برآں، جو افراد نئے پاسپورٹ کے لیے درخواست دیں گے، انہیں اس بات کا خاص خیال رکھنا ہوگا کہ پاسپورٹ فارم میں خاندانی نام (سرنیم) کا خانہ خالی نہ چھوڑا جائے، کیونکہ سعودی حکام کی جانب سے یہ شرط لازمی قرار دی گئی ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی نے تمام ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حج کمیٹیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس سرکلر کی تفصیلات وسیع پیمانے پر عوام تک پہنچائیں، تاکہ حج کے خواہش مند افراد بروقت تیاری کر سکیں اور بعد میں دستاویزی خامیوں کے باعث مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔حج کمیٹی ہند کے چیف ایگزیکٹو افسر شانواس سی کی جانب سے جاری اس سرکلر کی نقول وزارتِ اقلیتی امور، نئی دہلی، جدہ میں قائم ہندوستانی قونصل خانے اور ملک بھر کی ریاستی حج کمیٹیوں کو بھی روانہ کی گئی ہیں۔حج خدمات و انتظامات سے وابستہ حلقوں کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے تیاریوں کے عمل کے آغاز کے بعد حج 2027 کے باضابطہ اعلان اور درخواستوں کے اجراء کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ ایسے میں خواہش مند عازمین کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے پاسپورٹ، شناختی دستاویزات اور دیگر مطلوبہ کاغذات کی تیاری ابھی سے مکمل کر لیں تاکہ حج درخواست کے وقت کسی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
Post a Comment