حج 2027 کے لیے آن لائن درخواستوں کا آغاز، 20 جولائی آخری تاریخ
حج کمیٹی آف انڈیا نے عازمین کو رہنما اصولوں پر عمل اور مکمل تیاری کی ہدایت دی
ممبئی، 22 جون (حقیقت ٹائمز)
حکومتِ ہند کی وزارتِ اقلیتی امور کے تحت حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2027ء (1448ھ) کے لیے خواہش مند عازمینِ حج سے آن لائن درخواستیں طلب کی ہیں۔ حج کمیٹی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق درخواستوں کا عمل پیر، 22 جون 2026ء سے شروع ہو چکا ہے اور 20 جولائی 2026ء رات 11 بج کر 59 منٹ تک جاری رہے گا۔عازمینِ حج اپنی درخواستیں حج کمیٹی آف انڈیا کی سرکاری ویب سائٹ یا حج سویدھا موبائل ایپ کے ذریعے داخل کر سکتے ہیں۔اعلامیہ کے مطابق درخواستوں کی وصولی کے بعد جولائی کے آخری ہفتے میں ڈیجیٹل قرعہ اندازی عمل میں آئے گی۔ قرعہ میں عارضی طور پر منتخب ہونے والے ہر عازم کو 10 اگست 2026ء تک ایک لاکھ باون ہزار تین سو روپے بطور پیشگی رقم جمع کرانا ضروری ہوگا۔ مقررہ مدت میں کسی قسم کی توسیع یا رعایت نہیں دی جائے گی۔حج کمیٹی نے تمام درخواست گزاروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ درخواست داخل کرنے سے قبل رہنما اصول اور اقرار نامے کا بغور مطالعہ کریں تاکہ اپنی اہلیت کے بارے میں اطمینان حاصل کر سکیں۔

درخواست کے ساتھ درج ذیل دستاویزات کی واضح اسکین شدہ نقول اپ لوڈ کرنا لازمی ہوگا جن میں مشین سے پڑھے جانے کے قابل (مشین ریڈیبل) انڈین پاسپورٹ کے ابتدائی اور آخری صفحات، جو درخواست کی آخری تاریخ تک جاری ہو چکے ہوں اور کم از کم 31 دسمبر 2027ء تک کارآمد ہوں۔سفید پس منظر والی تازہ پاسپورٹ سائز تصویر۔بینک پاس بک یا منسوخ شدہ چیک کی نقل۔رہائشی ثبوت کی نقل۔حج کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ حج نشست کی منسوخی سے انتظامی دشواریاں پیدا ہوتی ہیں، اس لیے منسوخی کی حوصلہ شکنی کی گئی ہے۔ حج 2027ء کے رہنما اصولوں کے مطابق نشست منسوخ کرنے پر خاطر خواہ جرمانہ عائد کیا جائے گا۔اعلامیہ میں خواہش مند عازمین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی مکمل تیاری اور پختہ ارادے کے بعد ہی حج کے لیے درخواست داخل کریں تاکہ بعد میں منسوخی کی نوبت نہ آئے۔یہ اعلان حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شانواس سی، آئی اے ایس کی جانب سے جاری کیا گیا۔
Post a Comment