الکل میں مفت ٹیلرنگ تربیتی کیمپ اور سلائی مشینوں کی تقسیم
فریڈم ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن خواتین کو ہنرمند اور خود کفیل بنانے میں سرگرم
الکل، 16 جون (سلیمان چوپدار)
شہر کی سماجی و فلاحی تنظیم فریڈم ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ہر سال کی طرح اس سال بھی خواتین اور لڑکیوں کے لیے مفت ٹیلرنگ تربیتی کیمپ، سلائی مشینوں اور اسناد (سرٹیفکیٹس) کی تقسیم کی ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں بڑی تعداد میں خواتین، طالبات اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی محترمہ لیکچرر مرتضیٰ بیگم کوٹگلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو ہنرمند بنانا اور انہیں معاشی طور پر خود کفیل کرنے کی کوشش کرنا ایک عظیم سماجی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فریڈم ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن گزشتہ کئی برسوں سے بلا تفریقِ مذہب و ذات خواتین اور لڑکیوں کو مفت ٹیلرنگ کی تربیت فراہم کر رہی ہے، جو قابلِ ستائش اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ غریب، یتیم اور بے سہارا خواتین کو مفت سلائی مشینیں فراہم کرنا اور دیگر خواتین و لڑکیوں کو ہنر سکھا کر ان میں خود اعتمادی پیدا کرنا معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ تنظیم سماجی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی ایک بہترین مثال ہے، جہاں ذات پات یا مذہبی تفریق کے بغیر سب کو یکساں مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔تقریب میں دیگر مہمانانِ خصوصی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے تنظیم کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ایسی فلاحی سرگرمیاں خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں معاشی طور پر مستحکم کرنے میں مؤثر ثابت ہو رہی ہیں۔اس موقع پر تنظیم کے صدر ریاض ملا اور نائب صدر امیر اٹگی نے بتایا کہ ٹیلرنگ تربیتی پروگرام کے تیسرے بیچ کی کامیاب تکمیل پر متعدد خواتین اور لڑکیوں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی اس طرح کے تربیتی پروگرام جاری رکھے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین کو ہنر مندی کے ذریعے روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔تقریب میں الحاج ملک صاحب، مظفر علی منڈاس، ابراہیم چھاؤنی، مشاق صاحب، سوداگر سمیت دیگر معزز شخصیات شریک تھیں، جبکہ بڑی تعداد میں خواتین اور لڑکیوں نے تربیتی کیمپ میں حصہ لیا اور تنظیم کی اس فلاحی کوشش کو سراہا۔
Post a Comment