چکمگلور کی معروف سماجی شخصیت دلنواز اختری بیگم عرف صبیحہ فیاض کا انتقال
منگلور کے اسپتال میں وفات، نمازِ جنازہ آج بعد نمازِ عصر مسجد مکہ میں
چکمگلور، 23 جون (حقیقت ٹائمز)
چکمگلور کی معروف اور ہر دلعزیز خاتون دلنواز اختری بیگم عرف صبیحہ فیاض کا آج منگلور کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ ان کے انتقال کی خبر سے چکمگلور شہر میں غم کی لہر دوڑ گئی اور مختلف سماجی، تعلیمی اور عوامی حلقوں نے گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیا۔مرحومہ، چکمگلور شہر کی معروف معلمہ مرحومہ شہر بانو آپا کی صاحبزادی تھیں، جبکہ ان کے شوہر اعجاز مرزا فیاض محکمہ بجلی کے وظیفہ یاب ملازم ہیں۔ مرحومہ کا تعلق دلدار اسٹریٹ، چکمگلور سے تھا اور وہ اپنی خوش اخلاقی، نیک سیرتی اور ملنسار طبیعت کی وجہ سے عوامی حلقوں میں خاصی مقبول تھیں۔مرحومہ کے انتقال پر شہر کی مختلف سماجی و دینی شخصیات نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے دعا کی ہے۔ انہوں نے پسماندگان خصوصاً شوہر، صاحبزادیوں، فرزند اور دیگر اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ مرحومہ کی نمازِ جنازہ آج بروز منگل 23 جون 2026ء کو بعد نمازِ عصر، مسجد مکہ، چکمگلور میں ادا کی جائے گی، جبکہ تدفین شہر کے بڑے قبرستان میں عمل میں آئے گی۔اس موقع پر الحاج محمد دستگیر شریف فیروز نشیمن اور اعجاز احمد پٹیل سمیت متعدد شخصیات نے عوام سے مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کی اپیل کی ہے۔اللہ تعالیٰ مرحومہ کی کامل مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور تمام پسماندگان کو صبرِ جمیل نصیب فرمائے۔ آمین۔
Post a Comment