اکرم پاشاہ نے قومی صحت مشن کے مشن ڈائریکٹر کی حیثیت سے عہدہ سنبھال لیا
ریاستی حکومت کی جانب سے تقرری، صحت کے شعبے میں اہم انتظامی تبدیلی
بنگلورو، 19 جون (شبیر احمد)
ریاستی حکومت نے 2012 بیچ کے سینئر آئی اے ایس افسر اکرم پاشاہ کو قومی صحت مشن اور محکمہ صحت کے مشن ڈائریکٹر کی حیثیت سے مقرر کیا ہے۔ انہوں نے باضابطہ طور پر اپنے نئے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔محکمہ عملہ و انتظامی اصلاحات کی جانب سے جاری سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق، ڈاکٹر اویناش مینن راجیندرن کے تبادلے کے بعد خالی ہونے والے اس اہم عہدے پر اکرم پاشاہ کی تقرری عمل میں آئی ہے۔ یہ تقرری گورنر کے احکامات کے تحت حکومت کے ڈپٹی سکریٹری ٹی مہانتیش کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے ذریعے کی گئی۔اکرم پاشاہ ریاستی انتظامیہ میں ایک تجربہ کار اور باصلاحیت افسر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ وہ اس سے قبل ہاسن اور کولار ضلع کے ڈپٹی کمشنر، کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکر سمیت متعدد اہم انتظامی عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ، ٹرانسپورٹ اور عوامی خدمات کے شعبوں میں ان کے وسیع تجربے کو دیکھتے ہوئے امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ قومی صحت مشن کے مختلف منصوبوں کے مؤثر نفاذ اور محکمہ صحت کی انتظامی کارکردگی کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔واضح رہے کہ ریاستی حکومت نے حال ہی میں آئی اے ایس افسران کے بڑے پیمانے پر تبادلے اور تقرریاں عمل میں لائی ہیں، جن میں صحت، ٹرانسپورٹ، تعلیم اور دیہی ترقی سمیت کئی اہم محکمے شامل ہیں۔ ان تبدیلیوں کے تناظر میں قومی صحت مشن میں اکرم پاشاہ کی تقرری کو ایک اہم انتظامی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے صحت کے شعبے میں نئی رفتار اور مؤثر حکمرانی کی توقع کی جا رہی ہے۔
Post a Comment