کرناٹک میں اقلیتی طلبہ کے لیے پری میٹرک اسکالرشپ 2026-27 کا اعلان
پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے طلبہ 30 ستمبر تک آن لائن درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں
بنگلورو، 16 جون (حقیقت ٹائمز)
ریاستی محکمہ اقلیتی بہبود نے تعلیمی سال 2026-27 کے لیے اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے پری میٹرک اسکالرشپ اسکیم کا اعلان کیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت ریاست کرناٹک میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک زیر تعلیم اہل طلبہ سے آن لائن درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق مسلم، عیسائی، جین، بدھ، سکھ اور پارسی برادریوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ اس اسکالرشپ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ درخواستیں 15 جون 2026 سے قبول کی جا رہی ہیں جبکہ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔محکمہ نے بتایا کہ اسکالرشپ کے لیے درخواست دینے والے طالب علم کا ریاست کرناٹک کا مستقل باشندہ ہونا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ طالب علم کے خاندان کی سالانہ مجموعی آمدنی تمام ذرائع سے ملا کر ایک لاکھ روپے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ جن طلبہ نے گزشتہ تعلیمی سال 2025-26 میں اس اسکیم سے استفادہ نہیں کیا تھا، انہیں نئی درخواست جمع کرانی ہوگی۔

تاہم جن طلبہ کی گزشتہ سال کی درخواستیں منظور ہو چکی ہیں، انہیں آٹو رینیول کے تحت شمار کیا جائے گا اور انہیں دوبارہ درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔محکمہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ جن طلبہ نے گزشتہ سال درخواست نہیں دی تھی یا ان کی درخواستیں منظور نہیں ہو سکیں، وہ اس سال تازہ درخواستیں داخل کریں۔ موجودہ تعلیمی سال میں پہلی جماعت میں داخلہ لینے والے طلبہ بھی اس اسکیم کے لیے درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔اسکالرشپ حاصل کرنے کے لیے طلبہ کے بینک اکاؤنٹ کے ساتھ آدھار سیڈنگ اور این پی سی آئی (NPCI) میپنگ لازمی قرار دی گئی ہے تاکہ امدادی رقم براہِ راست مستحق طلبہ کے کھاتوں میں منتقل کی جا سکے۔محکمہ اقلیتی بہبود نے کہا ہے کہ اسکالرشپ سے متعلق اہلیت کے اصول اور دیگر شرائط حکومت کی جانب سے وقتاً فوقتاً جاری کردہ احکامات اور رہنما خطوط کے مطابق ہوں گے۔مزید معلومات، درخواست کے طریقۂ کار اور ہدایات کے لیے طلبہ اور والدین محکمہ اقلیتی بہبود کی ویب سائٹ سے رجوع کر سکتے ہیں یا اپنے قریبی مینارٹی انفارمیشن سینٹر (MIC) اور ضلعی اقلیتی بہبود دفتر سے رابطہ کر سکتے ہیں۔آن لائن درخواست کے لیے ویب سائٹس:ریاستی اسکالرشپ پورٹل (SSP) ،محکمہ اقلیتی بہبود، حکومتِ کرناٹک ۔محکمہ اقلیتی بہبود کے ڈائریکٹر نے ریاست کے تمام اہل اقلیتی طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنی درخواستیں جمع کروا کر اس تعلیمی امداد سے استفادہ کریں۔
Post a Comment