Baba Jan Madhol Demands Moral Accountability Over Exam Leak Row امتحانی شفافیت پر سوال، طلبہ کے حق میں قومی اہندا تنظیم کی آواز

نیٹ اور سی بی ایس ای پرچہ لیک پر قومی اہندا تنظیم کا شدید احتجاج

وزیرِ تعلیم اخلاقی ذمہ داری قبول کرکے استعفیٰ دیں ۔بابا جان مدھول کا مطالبہ

ہبلی، 14 جون (حقیقت ٹائمز)

 قومی اہندا تنظیم کے ریاستی تشہیری کمیٹی کے صدر بابا جان مدھول اور تنظیم کے قومی صدر مُتّنّا شیوالی نے نیٹ اور سی بی ایس ای امتحانات کے مبینہ پرچہ لیک معاملہ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی وزیر تعلیم دھرمندر پردھان سے اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے فوری استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ایک پریس بیان میں بابا جان مدھول نے کہا کہ مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کو بارہ سال مکمل ہوچکے ہیں، لیکن اس دوران کسانوں، مزدوروں، طلبہ اور عام شہریوں کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مختلف پالیسیوں اور فیصلوں کے ذریعے عوام خصوصاً نوجوانوں اور طلبہ کے مفادات کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے دارالحکومت دہلی کے جنتر منتر پر ملک کے مختلف حصوں سے ہزاروں طلبہ احتجاج کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نیٹ اور سی بی ایس ای امتحانات کے سوالیہ پرچوں کے بار بار افشا ہونے سے لاکھوں طلبہ کا مستقبل متاثر ہوا ہے اور بعض طلبہ نے مایوسی کے عالم میں خودکشی جیسے انتہائی اقدامات بھی کیے ہیں۔بابا جان مدھول نے کہا کہ اس صورتحال کی مکمل ذمہ داری مرکزی حکومت اور وزیر تعلیم پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر تعلیم دھرمندر پردھان اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں اور مبینہ طور پر جان گنوانے والے طلبہ کے اہل خانہ کو ایک ایک کروڑ روپے کا معاوضہ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی مختلف ریاستوں، بشمول دہلی، لکھنؤ، پونے اور دیگر شہروں میں طلبہ مسلسل اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں، لیکن ان کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرنے کے بجائے احتجاج کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ طرزِ عمل جمہوری اقدار اور آئینی حقوق کے منافی ہے۔قومی اہندا تنظیم کے رہنماؤں نے الزام لگایا کہ امتحانی نظام میں شفافیت لانے اور بدعنوانیوں پر قابو پانے کے بجائے ذمہ دار افراد کو تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے، جس سے نوجوانوں کا اعتماد مجروح ہو رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ امتحانات اور تقرریوں کے نظام کو مکمل طور پر شفاف، منصفانہ اور بدعنوانی سے پاک بنایا جائے۔اس موقع پر مولا صاحب نداف، شمشیر گنجے والے، یوسف بیلاری، کریم لککنڈی، رمیش بھوسلے، وجئے کمار، پیر صاحب نداف، منافع دیوگیری، کیشو مورتی اور دیگر رہنماؤں نے بھی مرکزی وزیر تعلیم کے استعفے کا مطالبہ کیا۔واضح رہے کہ مذکورہ بیان قومی اہندا تنظیم کے رہنماؤں کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ پر مبنی ہے۔

0/Post a Comment/Comments