Tamil Nadu Crisis to End Soon, Vijay's Promises Undeliverable: Kumaraswamy تمل ناڈو بحران جلد حل ہوگا، وجے کو خدا ہی بچائے: کمار سوامی

تمل ناڈو میں سیاسی بحران چند دنوں میں ختم ہونے کا امکان، مرکزی مداخلت سے انکار

وجے کے مفت وعدے پورے کرنے کو چھ لاکھ کروڑ درکار، خدا ہی بچائے: کمار سوامی

ہاسن، 8 مئی (حقیقت ٹائمز)

مرکزی وزیر ایچ ڈی کمار سوامی نے کہا ہے کہ تمل ناڈو میں جاری سیاسی بحران آئندہ دو سے تین دنوں میں حل ہوسکتا ہے، تاہم وہ یہ نہیں سمجھتے کہ برسوں سے سیاسی حریف رہنے والی ڈی ایم کے اور اے آئی اے ڈی ایم کے پارٹیاں اتحاد کرکے حکومت تشکیل دیں گی۔وہ آج ماوِنکیرے رنگناتھ سوامی پہاڑی مندر میں درشن کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کر رہے تھے۔ایچ ڈی کمار سوامی نے کہا کہ موجودہ حالات میں سب سے بڑی پارٹی کے طور پر سامنے آنے والی ٹی وی کے کو نظرانداز کرکے ڈی ایم کے اور اے آئی اے ڈی ایم کے اقتدار کے لیے ہاتھ ملا لیں، اس کے امکانات انہیں دکھائی نہیں دیتے۔ ان کے مطابق تمل ناڈو میں جو سیاسی صورتحال پیدا ہوئی ہے، اس کے مطابق گورنر آئینی اور قانونی ماہرین کے مشورے سے فیصلے کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گورنر نے وجے سے کہا ہے کہ وہ حمایت یافتہ اراکین اسمبلی کے دستخطوں کے ساتھ آئیں، جس کے بعد حکومت سازی کے سلسلے میں آئینی تقاضوں کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔ کمار سوامی نے واضح کیا کہ اس معاملہ میں مرکزی حکومت کی مداخلت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔مرکزی وزیر نے اداکار اور سیاستداں وجے کی انتخابی وعدوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “وجے کو خدا ہی بچائے”۔ انہوں نے کہا کہ تمل ناڈو کا سالانہ بجٹ تقریباً ساڑھے تین لاکھ کروڑ روپے ہے، جبکہ ان کی جانب سے کیے گئے مفت سہولتوں کے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے کم از کم چھ لاکھ کروڑ روپے درکار ہوں گے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اتنی بڑی رقم آخر کہاں سے آئے گی۔

0/Post a Comment/Comments