Srinivaspura Madrasa Summer Camp Ends, Students Sit Examination سری نواس پور میں مدرسہ سمر کیمپ کا اختتام، طلبہ کا امتحان

سری نواس پور میں مدرسہ شمس الدین بن عبدالحکیم کا ایک ماہہ سمر کیمپ اختتام پذیر

چالیس طلبہ و طالبات کا امتحان، مولانا شعیب سلفی ممتحن مقرر

سری نواس پور 12 مئی (شبیر احمد)

ڈاکٹر ذاکر حسین محلہ، سری نواس پور میں واقع مدرسہ شمس الدین بن عبدالحکیم کے زیرِ اہتمام ایک ماہ پر مشتمل سمر کیمپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اس کیمپ میں تقریباً 40 طلبہ و طالبات نے شرکت کرتے ہوئے دینی، اخلاقی اور اسلامی تعلیمات حاصل کیں۔سمر کیمپ کے اختتام پر طلبہ و طالبات کا باقاعدہ امتحان منعقد کیا گیا، جس کے لیے مریم مسجد سری نواس پور کے امام و خطیب مولانا شعیب سلفی خصوصی طور پر تشریف لائے اور بچوں کا امتحان لیا۔ امتحان کا آغاز صبح 8:30 بجے ہوا اور دوپہر 12:30 بجے اختتام پذیر ہوا۔امتحان کے دوران طلبہ و طالبات نے قرآن مجید کی تلاوت، مسنون دعائیں، بنیادی دینی معلومات اور اسلامی تعلیمات سے متعلق سوالات کے اطمینان بخش جوابات پیش کیے۔ بچوں کی کارکردگی کو اساتذہ، سرپرستوں اور حاضرین نے خوب سراہا اور مدرسہ انتظامیہ کی خدمات کی ستائش کی۔اس موقع پر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ دور میں نئی نسل کو دینی تعلیم سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے بچوں میں اچھے اخلاق، سچائی، محبت، بھائی چارہ اور انسانیت کی خدمت کا جذبہ پیدا کرنا ضروری ہے۔

مدرسہ شمس الدین بن عبدالحکیم کے ذمہ دار ابوبکر صدیق بن شمس الدین مستقیمی نے کہا کہ بچوں کو کم عمری ہی سے نماز، قرآن مجید کی تلاوت اور اسلامی اقدار کی تعلیم دینا بے حد ضروری ہے۔ اگر نئی نسل کی صحیح دینی و اخلاقی رہنمائی کی جائے تو وہ مستقبل میں قوم و ملت کے لیے بہترین سرمایہ ثابت ہوسکتی ہے۔انہوں نے والدین اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں میں دین سے محبت، سچائی، احترامِ انسانیت اور اچھے کردار کی تربیت کو فروغ دیں تاکہ ایک صالح اور مثالی معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔اس موقع پر ابوبکر صدیق مستقیمی، وسیم شیرو اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ پروگرام کے اختتام پر طلبہ کی کامیابی، والدین کی خوشحالی اور ملتِ اسلامیہ کے اتحاد و اتفاق کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

0/Post a Comment/Comments