سرینواس پور کے عباس بابو کی جنوبی ہند باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں شرکت
گراڈی کلاسک 2026 میں ماسٹرس زمرہ میں تیسری پوزیشن حاصل
سرینواس پور 11 مئی (شبیر احمد)
شہر کے اکبر روڈ کے رہائشی اور معروف فٹنس ٹرینر عباس بابو نے بنگلورو میں منعقدہ باوقار “گراڈی کلاسک 2026 – مسٹر اینڈ مس ساؤتھ انڈیا” باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرکے سرینواس پور کا نام روشن کیا ہے۔ریاستی و جنوبی ہند سطح کے اس باڈی بلڈنگ اور مینز فزیک مقابلے کا انعقاد 10 مئی کو جنوبی ایشیائی باڈی بلڈنگ اسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام بنگلورو کے وجئے نگر میں واقع بی جی ایس اسٹیڈیم میں کیا گیا تھا۔عباس بابو نے “ماسٹرس 50 کلوگرام” زمرہ میں حصہ لیتے ہوئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور سخت مقابلے کے باوجود تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔
مختلف ریاستوں سے شریک مضبوط حریفوں کے درمیان ان کی کامیابی پر سرینواس پور میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔راجاجی روڈ پر قائم “عرفان فٹنس جم” کے مالک اور ٹرینر عباس بابو گزشتہ کئی برسوں سے باڈی بلڈنگ اور جسمانی ورزش کے میدان سے وابستہ ہیں۔ مسلسل محنت، سخت ورزش، متوازن غذا اور نظم و ضبط والی زندگی کے ذریعے انہوں نے اس شعبے میں اپنی منفرد شناخت قائم کی ہے۔عباس بابو نے مقامی سطح کے مقابلوں سے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا اور اب جنوبی ہند سطح پر نمایاں کامیابی حاصل کرکے شہر کا وقار بلند کیا ہے۔ وہ اپنے جم کے ذریعے نوجوانوں کو باڈی بلڈنگ کی تربیت دینے کے ساتھ صحت مند طرزِ زندگی اور ورزش کی اہمیت سے بھی آگاہ کر رہے ہیں۔اپنی کامیابی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے عباس بابو نے کہا کہ مسلسل محنت، خود اعتمادی اور نظم و ضبط کے ذریعے ہر منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ صحت مند زندگی اختیار کرتے ہوئے کھیلوں اور ورزش کی جانب توجہ دیں۔مقابلے میں نمایاں کامیابی پر عباس بابو کو سند اور اعزاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر کھیلوں کے شائقین، منتظمین، جم اراکین، اہلِ خانہ اور دوست احباب نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر بھی کامیابیاں حاصل کریں گے۔
Post a Comment