KMDC Introduces Interest Waiver Scheme for Minority Borrowers Through July کے ایم ڈی سی کی سود معافی اسکیم نافذ، تین ماہ میں قسط وار ادائیگی کی سہولت

کے ایم ڈی سی نے اقلیتی قرض داروں کے لیے سود معافی اسکیم متعارف کرائی

یکم مئی سے اکتیس جولائی تک اصل رقم کی ادائیگی پر سود سے مکمل استثنیٰ

کولار 7 مئی (شبیر احمد)

 کرناٹک اقلیتی ترقیاتی کارپوریشن (کے ایم ڈی سی) کی جانب سے نافذ کردہ قرضہ سود معافی اور ون ٹائم سیٹلمنٹ (او ٹی ایس) اسکیم سے اہل مستفیدین فوری فائدہ اٹھائیں۔ یہ اپیل کرناٹک اقلیتی ترقیاتی کارپوریشن، کولار ضلع کی ضلعی منیجر شیرین تاج نے کی ہے۔ اخباری بیان میں انہوں نے بتایا کہ سال 2013-14 سے 2018-19 کے دوران کارپوریشن کے تحت قرض حاصل کرنے والے مستفیدین کے لیے یہ خصوصی اسکیم متعارف کرائی گئی ہے۔ حکومت نے طویل عرصہ سے بقایا قرضوں کے مسئلہ کے مستقل حل اور مستفیدین کو راحت فراہم کرنے کے مقصد سے یہ اقدام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسکیم کی سب سے اہم خصوصیت یہ ہے کہ اگر مستفیدین قرض کی اصل رقم مکمل طور پر ادا کریں تو ان پر عائد تمام سود مکمل طور پر معاف کردیا جائے گا۔ اس اقدام سے ہزاروں خاندانوں پر موجود مالی بوجھ کم ہوگا اور انہیں معاشی استحکام حاصل کرنے کا بہتر موقع میسر آئے گا۔ محترمہ شیرین تاج کے مطابق عوامی سہولت کے پیش نظر حکومت نے اس اسکیم کی مدت یکم مئی 2026 سے 31 جولائی 2026 تک مقرر کی ہے۔ مستفیدین کو رقم تین مرحلوں میں ادا کرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے، جس کے تحت مئی میں 25 فیصد، جون میں 25 فیصد اور جولائی میں باقی 50 فیصد رقم جمع کرائی جا سکتی ہے۔انہوں نے قرض کے بوجھ سے متاثر تمام مستفیدین سے اپیل کی کہ وہ اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھائیں، قریبی کے ایم ڈی سی دفتر سے رابطہ قائم کریں اور ضروری رہنمائی حاصل کرکے اسکیم سے بھرپور استفادہ کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا یہ اقدام اقلیتی طبقہ کی معاشی خود کفالت اور مالی استحکام کو فروغ دینے کی سمت ایک اہم قدم ہے، اس لیے زیادہ سے زیادہ افراد کو اس اسکیم میں شامل ہونا چاہیے۔

0/Post a Comment/Comments