ٹمکورو میں نو مردہ موروں میں برڈ فلو وائرس کی تصدیق
محکمہ صحت کی ہدایات جاری، 38 دیہاتوں میں نگرانی شروع
بنگلورو/ ٹمکورو، 2 مئی (حقیقت ٹائمز)
ضلع ٹمکورو کے مختلف دیہی علاقوں میں مردہ پائے گئے نو موروں کے نمونوں میں ایچ فائیو این ون برڈ فلو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ نے فوری احتیاطی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔وزارت صحت کے مطابق یہ وائرس ایک زونوٹک بیماری ہے جو بنیادی طور پر پرندوں کو متاثر کرتی ہے، تاہم بعض صورتوں میں انسانوں اور دیگر جانوروں تک بھی منتقل ہو سکتی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں کوٹّیگے گولہلی، کولیہلی، بیرسندرا، ہلّے نہلی اور تھمے گوڈنپالیہ شامل ہیں،جہاں سے مردہ موروں کے نمونے حاصل کیے گئے تھے۔متعلقہ تحقیقی ادارے کی جانب سے 29 اپریل کو اس وائرس کی تصدیق کے بعد ضلعی سطح پر فوری ردِ عمل ٹیموں نے اجلاس منعقد کر کے صورتحال کا جائزہ لیا اور کنٹرول اقدامات کو تیز کر دیا ہے۔نگرانی کے اقدامات کے طور پر متاثرہ مقام کے گرد 0 سے 3 کلومیٹر کے علاقے کو متاثرہ زون جبکہ 3 سے 10 کلومیٹر کے علاقے کو نگرانی زون قرار دیا گیا ہے۔ آئندہ 10 دنوں کے دوران 38 دیہاتوں میں 20 ہزار سے زائد افراد کی صحت کی نگرانی کی جائے گی، جس میں بخار اور سانس کی بیماریوں پر خاص توجہ دی جائے گی۔محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بیمار یا مردہ پرندوں سے دور رہیں، ہاتھوں کو باقاعدگی سے صابن سے دھوتے رہیں، اور پرندوں یا ان کے فضلے کو سنبھالتے وقت حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔ مرغی کے گوشت اور انڈوں کو اچھی طرح پکانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔حکام نے واضح کیا ہے کہ صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور عوام سے کہا گیا ہے کہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور سرکاری ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
Post a Comment