Urdu Body Protests at Empress college Tumkur , Principal's Clarification Revives Hope ایمپریس کالج ٹمکورو میں اردو بحالی کے امکانات روشن

 ایمپریس کالج ٹمکورو میں اردو کے بجائے ہندی مسلط کرنے کا الزام، تحریکِ اردو ادب کا احتجاج

پرنسپل کی صفائی کے بعد اردو بحالی کے امکانات روشن

ٹمکورو، یکم مئی (حقیقت ٹائمز) 

ٹمکورو کے سرکاری ایمپریس گرلز پری یونیورسٹی کالج میں اردو زبان کو نظرانداز کرکے ہندی کو ترجیح دینے کے الزام پر ’’تحریکِ اردو ادب‘‘ نے سخت اعتراض کرتے ہوئے پی یو ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر بالگرو مورتی کو ایک باضابطہ یادداشت پیش کی ہے۔یادداشت میں کہا گیا ہے کہ متعدد مسلم طالبات نے ایس ایس ایل سی امتحان اردو زبان کے ساتھ کامیابی سے پاس کرنے کے بعد جب فرسٹ پی یو سی میں داخلہ کے لیے کالج سے رجوع کیا تو پرنسپل ڈی بی اناپورنا نے انہیں اردو زبان اختیار کرنے سے روک دیا۔ طالبات کو ہدایت دی گئی کہ وہ اردو کے بجائے ہندی کا انتخاب کریں، بصورت دیگر کسی دوسرے کالج میں داخلہ لے لیں۔تنظیم نے الزام عائد کیا کہ کالج میں اردو زبان کو دانستہ طور پر ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں اردو کی مہمان لیکچرر بی بی عائشہ، جو تعلیمی سال 2021-22 سے 2025-26 تک خدمات انجام دے رہی تھیں، کو بھی مبینہ طور پر بغیر متبادل تقرری کے ہٹا دیا گیا، جس سے اردو پڑھنے والی طالبات کو مشکلات کا سامنا ہے۔شکایت میں مزید کہا گیا ہے کہ اردو زبان سے محروم کرکے اقلیتی طبقہ کی مسلم طالبات کو اعلیٰ تعلیم سے دور رکھنے کی سازش کی جا رہی ہے، جو کہ سنگین معاملہ ہے۔تحریکِ اردو ادب کے عہدیداران نے مطالبہ کیا کہ فرسٹ پی یو سی میں داخلہ لینے والی تمام طالبات کو اردو کو بطور پہلی زبان منتخب کرنے کی اجازت دی جائے اور کالج میں فوری طور پر اردو کے اساتذہ کی تقرری عمل میں لائی جائے تاکہ زیرِ تعلیم طالبات کی تعلیم متاثر نہ ہو۔ تاج الدین شریف کی قیادت میں پیش کردہ میمورنڈم کے بعد فوری طور پر حرکت میں آتے ہوئے وضاحت پیش کی ہے۔

جس کے تحت کالج کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق تعلیمی سال 2026-27 کے لیے داخلہ کا عمل شروع ہو چکا ہے اور کالج میں اردو سمیت دیگر زبانیں دستیاب ہیں، تاہم اردو لیکچرر کا عہدہ خالی ہونے کی بھی تصدیق کی گئی ہے اور اہل امیدواروں سے مہمان لیکچرر کے طور پر درخواست دینے کی اپیل کی گئی ہے۔جس سے سرکاری ایمپریس گرلز پری یونیورسٹی کالج میں اردو زبان کی بحالی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں ۔

0/Post a Comment/Comments