الکل انجمنِ اسلام تعلیمی ادارہ میں شفاف انتخابات کا مطالبہ
نوجوانوں کے وفد کی وقف بورڈ صدر سے ملاقات، یادداشت پیش
الکل 9 مئی (سلیمان چوپدار)
الکل شہر کی انجمنِ اسلام تعلیمی ادارہ کمیٹی کے معاملات ایک بار پھر سرگرمی کا مرکز بن گئے ہیں۔ گزشتہ دو تین برسوں سے جاری جدوجہد کے بعد اب ادارہ کے انتخابات کرائے جانے کے امکانات روشن دکھائی دے رہے ہیں۔مقامی ذرائع کے مطابق عدالت کی جانب سے چار ہفتوں کے اندر نئی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی گئی ہے، جس کے بعد شہر کے بزرگوں اور نوجوانوں میں انتخابی عمل کے تعلق سے سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ عوامی حلقوں میں یہ مطالبہ زور پکڑ رہا ہے کہ اس مرتبہ کمیٹی کی تشکیل نامزدگی کے بجائے باقاعدہ انتخابات کے ذریعے کی جائے۔اسی سلسلہ میں ’’الکل تحریکِ نوجوانان‘‘ کے ایک وفد نے کرناٹک وقف بورڈ کے ریاستی صدر اور سجادہ نشین درگاہِ خواجہ بندہ نواز حضرت سید محمد علی الحسینی سے ملاقات کی اور ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے انجمنِ اسلام تعلیمی ادارہ کے شفاف اور جمہوری انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا۔وفد میں ریاض بنو، محبوب گوڑے، عبدالحمید، سلیمان چوپدار، محمد فاروق یتنٹی، امام حسین لٹگیری، شامد ریشمی مکاندار سمیت دیگر نوجوان شامل تھے۔اس موقع پر وقف بورڈ کے ریاستی صدر حضرت سید محمد علی الحسینی نے وفد کو یقین دلایا کہ معاملہ کی مکمل جانچ کے بعد مناسب اور منصفانہ فیصلہ کیا جائے گا۔شہر میں اس وقت انجمنِ اسلام کمیٹی کے ممکنہ انتخابات کو لے کر مختلف حلقوں میں چہ مگوئیاں جاری ہیں اور سماجی سرگرمیوں میں بھی تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ اب عوام کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ آیا کمیٹی کی تشکیل انتخابات کے ذریعے ہوگی یا پھر حسبِ سابق نامزدگی کے ذریعہ ہوگی ۔
Post a Comment