کرناٹک کے ڈاکٹر سی آر نصیر احمد کی سعودی وزیرِ حج ڈاکٹر عبداللطیف سے ملاقات
شاہی مہمان کی حیثیت سے حج کی سعادت، سعودی مہمان نوازی کا اعتراف
داونگیرے، 29 مئی (الطاف رضوی)
ریاستِ کرناٹک کے معروف سماجی کارکن، سابق رکن پلاننگ کمیشن حکومتِ کرناٹک اور مولانا آزاد سماجی و ثقافتی ادارہ کے بانی و صدر ڈاکٹر سی آر نصیر احمد ان دنوں اپنی اہلیہ کے ہمراہ سعودی عرب میں فریضۂ حج کی ادائیگی میں مصروف ہیں، جہاں وہ سعودی حکومت کی جانب سے شاہی مہمان کے طور پر مدعو کیے گئے ہیں۔ ڈاکٹر سی آر نصیر احمد نے بذریعہ فون بتایا کہ سعودی وزارتِ حج و عمرہ و اسلامی امور کے وزیر الشیخ ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز نے ان سے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر دیگر چند شاہی مہمان بھی موجود تھے۔ وزیرِ حج نے مہمانوں سے حج انتظامات، سہولیات اور ان کے تاثرات کے بارے میں دریافت کیا۔ڈاکٹر سی آر نصیر احمد نے سعودی حکومت کی جانب سے حجاج کرام کے لیے کیے جانے والے بہترین انتظامات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے حکمراں اپنے عہدوں پر فخر محسوس کرتے ہیں، لیکن سعودی عرب ایک ایسا منفرد ملک ہے جہاں کے فرمانروا ’’خادم الحرمین الشریفین‘‘ کہلانا اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت ہر سال جدید تکنیکی سہولیات اور بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے حج انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کی کوشش کرتی ہے، جو قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے وزیرِ حج سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ شاہی خاندان جس حسنِ انتظام اور خلوص کے ساتھ حجاجِ کرام کی خدمت انجام دے رہا ہے، وہ واقعی لائقِ ستائش ہے۔ڈاکٹر نصیر احمد نے بتایا کہ قیام، طعام، سفر اور ارکانِ حج کی ادائیگی کے دوران انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ انہوں نے وزیرِ حج کے توسط سے سعودی شاہی خاندان اور حکومتِ سعودی عرب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حج کی سعادت خود ایک عظیم نعمت ہے، اور اس پر مستزاد شاہی مہمان کے طور پر یہ موقع ملنا اللہ تعالیٰ کا خصوصی فضل اور سعودی حکومت کی عنایت ہے۔
Post a Comment