Fair Elections Demand for Anjuman-e-Islam Ilkal; Sit-in Set for May 29 انجمنِ اسلام الکل میں جمہوری انتخابات کا مطالبہ، دھرنے کا اعلان

انجمنِ اسلام الکل میں شفاف انتخابات کا مطالبہ، نامزدگی کے طریقے پر اعتراض

انتیس مئی کو باگلکوٹ ضلع کمشنر دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنے کا اعلان

الکل، 25 مئی (سلیمان چوپدار)

مسلم نوجوانان کمیٹی نے کرناٹک ورکنگ جرنلسٹ اسوسی ایشن کے دفتر میں ایک پریس کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں انجمنِ اسلام ادارہ الکل کے عام انتخابات کو لے کر اہم مطالبات پیش کیے گئے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امام حسین لٹگبری نے کہا کہ انجمنِ اسلام ادارہ کا باقاعدہ اور شفاف انتخابی عمل وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ رول 42 کے تحت غیر قانونی طور پر کمیٹی تشکیل دینے کی اجازت دی جا رہی ہے، جس کے خلاف وقف محکمہ کے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ انجمنِ اسلام کی کمیٹی نامزدگی یا سلیکشن کے ذریعے نہیں بلکہ باقاعدہ انتخابات کے ذریعہ تشکیل دی جانی چاہیے۔ ان کے مطابق فی الحال شہر کی 24 مساجد کے ذریعے ارکان کا انتخاب کیا جاتا ہے، جو غیر جمہوری اور غیر منصفانہ طریقہ ہے۔امام حسین لٹگبری نے مطالبہ کیا کہ شہر کے تمام 18 سال سے زائد عمر کے نوجوانوں اور شہریوں کو ووٹ ڈالنے کا آئینی حق دیا جائے تاکہ ادارہ حقیقی معنوں میں عوامی نمائندگی کا حامل بن سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ قوانین کے خلاف کام کرنے والے متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کی جائے اور جمہوری اصولوں کے مطابق انتخابی عمل کو یقینی بنایا جائے۔اسی مطالبہ کے تحت 29 مئی کو ضلع کمشنر باگلکوٹ کے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا۔ مقررین نے واضح کیا کہ اس مرتبہ ’’سلیکشن نہیں، الیکشن‘‘ کے نعرے کے ساتھ نوجوانانِ ملت میدان میں اتر چکے ہیں اور اپنے حق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔پریس کانفرنس میں ریاض بانو، رفیق نداف، عبدالمالک نال، شامد ریشمی، محبوب گوڑہ کار سمیت دیگر افراد بھی موجود تھے۔

0/Post a Comment/Comments