چنگیری کے نلور میں سنسنی خیز قتل واردات
سابق گرام پنچایت رکن کی موت، دو افراد نے پولیس کے سامنے خودسپردگی کی
چنگیری، 16 مئی (الطاف رضوی)
تعلقہ کے قصبہ نلور میں سابق گرام پنچایت رکن عطا اللہ کے قتل کا سنسنی خیز واقعہ پیش آیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب نامعلوم افراد نے ان پر حملہ کیا، جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب عطا اللہ بجلی منقطع ہونے کے سبب اپنے مکان کے قریب موٹر سائیکل پر بیٹھے ہوئے تھے۔ اسی دوران حملہ آوروں نے اچانک ان پر دھاوا بول دیا۔ شدید حملہ کے باعث انہوں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ قتل مالی لین دین کے تنازعہ کا نتیجہ بتایا جا رہا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ کئی برسوں سے رقم کی واپسی کو لے کر دونوں خاندانوں کے درمیان اختلافات چل رہے تھے اور اس سلسلہ میں متعدد مرتبہ پنچایت اور مصالحتی کوششیں بھی کی گئی تھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ معاملہ تقریباً پندرہ لاکھ روپے سے زائد رقم کا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق مقتول کے بعض رشتہ داروں پر قتل میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ملزمین کا تعلق بھدراوتی کے قریب کاگے کوڈماگہ علاقہ سے بتایا گیا ہے۔ واقعہ کے بعد دو افراد نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا ہے، جبکہ دیگر ملزمین کی تلاش جاری ہے۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ علاقے میں اس واقعہ کے بعد سنسنی اور غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
Post a Comment