حیدرآباد میں'میرا شہر میرے لوگ‘ کا ادبی اجلاس و مشاعرہ
فاضل حسین پرویز اور ڈاکٹر ماجد داغی کی خدمات پر تہنیت
حیدرآباد، 25 اپریل (حقیقت ٹائمز)
ادارہ میرا شہر میرے لوگ کے زیرِ اہتمام میڈیا پلیس، گن فاؤنڈری، حیدرآباد میں ماہانہ ادبی اجلاس بعنوان یادِ رفتگاں منعقد ہوا، جس میں ادبی و صحافتی خدمات انجام دینے والی شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور ایک بامقصد مشاعرہ بھی منعقد ہوا۔اجلاس کا آغاز صدرِ ادارہ جناب صلاح الدین نیر کے خیر مقدمی خطاب سے ہوا، جنہوں نے ادارے کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے معروف شخصیات مرحوم عابد علی خاں اور محبوب حسین جگر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ادارہ چار دہائیوں پر محیط ایک فعال ادبی پلیٹ فارم ہے، جس کے بانیوں میں عابد علی خاں، ڈاکٹر نارائن ریڈی، ڈاکٹر رامنّا چاری، نیپال سنگھ ورما اور رئیس اختر شامل ہیں۔صدرِ اجلاس پروفیسر ایس اے شکور (ڈائریکٹر دائرۃ المعارف) نے اپنے خطاب میں صلاح الدین نیر کی ادبی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اب تک 124 سے زائد شعراء، ادباء اور علمائے کرام کو خراجِ عقیدت پیش کرکے ایک قابلِ قدر روایت قائم کی ہے۔ انہوں نے معروف صحافی و چیف ایڈیٹر گواہ ڈاکٹر فاضل حسین پرویز کو اردو صحافت میں نمایاں خدمات پر نئی دنیا فاؤنڈیشن کی جانب سے دیے گئے مولانا عبدالوحید صدیقی میڈیا یونیٹی ایوارڈ پر مبارکباد پیش کی۔اجلاس میں ممتاز مرحوم شعراء اثر غوری، شاغل ادیب، عزیز بھارتی اور ڈاکٹر ایم ق سلیم کی ادبی خدمات کو بھی یاد کیا گیا۔ نظامت کے فرائض معروف شاعر لطیف الدین لطیف نے انجام دیے۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی ڈاکٹر ماجد داغی کی 50 سالہ شعری، ادبی، تعلیمی اور صحافتی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی گئی۔ صلاح الدین نیر نے انہیں گلبرگہ کی نمایاں علمی و ادبی شخصیت قرار دیا۔ ڈاکٹر فاضل حسین پرویز نے ڈاکٹر ماجد داغی سے اپنے دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات پر وہ پہلے بھی تفصیلی تحریری جائزہ پیش کر چکے ہیں۔ڈائریکٹر فور ٹی وی جناب عبدالماجد نے ڈاکٹر ماجد داغی کی صحافتی خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں سنجیدہ اور متوازن صحافی قرار دیا، جبکہ جناب ایم اے ماجد نے مرحوم ادباء و شعراء کی سرکاری سطح پر سرپرستی کے فقدان پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اربابِ اقتدار سے توجہ کی اپیل کی۔ڈاکٹر سید احمد اقبال، چانسلر حلیمہ یونیورسٹی نے کہا کہ حیدرآباد میں اردو زبان و ادب کی سرگرمیوں کا تسلسل خوش آئند ہے، اور انہوں نے فاضل حسین پرویز کو ایوارڈ ملنے پر مبارکباد پیش کی۔ادبی اجلاس سے قبل ایک مختصر تہنیتی نشست منعقد ہوئی، جس میں فاضل حسین پرویز اور ڈاکٹر ماجد داغی کی گلپوشی کی گئی، جبکہ ڈاکٹر ماجد داغی کی کتاب "انجمن 13" کی رسمِ رونمائی بھی انجام دی گئی۔اجلاس کے بعد ایک باوقار مشاعرہ منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈاکٹر ناقد رزاقی نے کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر ماجد داغی اور ڈاکٹر سید احمد اقبال مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک رہے۔ مشاعرے میں صلاح الدین نیر، علی جواد شہپر، لطیف الدین لطیف، تشکیل انور رزاقی، باسط علی رئیس، سراج یعقوبی اور گویند اکشے سمیت دیگر شعراء نے اپنا کلام پیش کیا۔ نظامت کے فرائض تشکیل انور نے انجام دیے۔محفل کا اختتام لطیف الدین لطیف کے شکریہ کلمات پر ہوا، جبکہ شرکاء نے اس ادبی نشست کو اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
Post a Comment