Flight Confirmation Mandatory for Hajj Pilgrims عازمین کے لیے پرواز کی تصدیق لازمی قرار

حج عازمین کے لیے اہم ہدایت، پرواز کی بروقت تصدیق ناگزیر

تصدیق کے بغیر حج کٹ اور سفری دستاویزات جاری نہیں ہوں گے

ممبئی، 12 اپریل (حقیقت ٹائمز) 

 حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2026 (1447 ہجری) کے عازمین کے لیے پرواز کی بکنگ کی بروقت تصدیق کو لازمی قرار دیتے ہوئے اہم سرکلر جاری کیا ہے۔جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق تمام عازمین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی مختص کردہ پرواز کی آن لائن تصدیق 15 اپریل 2026 تک لازماً مکمل کریں۔ مقررہ تاریخ کے بعد پرواز میں تبدیلی کی کوئی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔حج کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہنواز سی نے بتایا کہ پرواز کی تصدیق حج کی مکمل رقم کی ادائیگی اور دیگر واجبات کی ادائیگی سے مشروط ہوگی۔ تصدیق کے بغیر حج کٹ، بورڈنگ پاس اور دیگر سفری دستاویزات جاری نہیں کیے جائیں گے۔عازمین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ حج کمیٹی کے پورٹل یا حج سیوا ایپ کے ذریعے اپنی بکنگ کی تصدیق کریں۔ 

تصدیق کے بعد جاری ہونے والی رسید کو محفوظ رکھنا ضروری ہوگا، جسے دستخط کے ساتھ دیگر مطلوبہ دستاویزات کے ہمراہ حج کٹ اور سفری کاغذات حاصل کرتے وقت پیش کرنا ہوگا۔تمام ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حج کمیٹیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس سرکلر کی وسیع پیمانے پر تشہیر کریں تاکہ تمام عازمین بروقت اس پر عمل کر سکیں۔

0/Post a Comment/Comments