Vaccination and Training Program Held for Haj Pilgrims in Chikkamagaluru چکمگلور میں عازمینِ حج کیلئے ویکسینیشن پروگرام

چکمگلور میں عازمینِ حج کیلئے ٹیکہ اندازی پروگرام

تربیتی و دعائیہ نشست کے ساتھ مثالی انتظامات

چکمگلور، 24 مارچ (فیروز نشیمن)

شہر چکمگلورو میں حج 2026 کے عازمین کیلئے ٹیکہ اندازی (ویکسینیشن) کا ایک منظم اور باوقار پروگرام منعقد کیا گیا، جس کا اہتمام کرناٹک حج کمیٹی کی ہدایت پر کیا گیا، جبکہ اس کی ذمہ داری خدام الحجاج کمیٹی چکمگلور نے بخوبی انجام دی۔پروگرام کے موقع پر ایک تربیتی و دعائیہ نشست بھی منعقد کی گئی، جس کا آغاز حافظ و قاری صفوان کی تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا، جبکہ نعتِ پاک حافظ و قاری الحاج اشرف علی خان، خطیب و امام مسجد مکہ، نے پیش کی۔ عازمینِ حج کا استقبال الحاج عبدالروف مظہری، خطیب و امام مسجد کمبل پوش، نے کیا۔اس موقع پر عازمین کو احرام باندھنے اور عمرہ ادا کرنے کے طریقے تفصیل کے ساتھ سمجھائے گئے۔ معروف مذہبی اسکالر جناب خواجہ محی الدین رشادی نے اپنے مخصوص انداز میں ارکانِ حج پر جامع روشنی ڈالی اور عازمین کو رہنمائی فراہم کی۔ مزید برآں، الحاج عبدالروف مظہری نے مدینہ منورہ کے آداب اور زیارتِ مدینہ کے اہم نکات بیان کیے۔ویکسینیشن پروگرام کے دوران خدام الحجاج کمیٹی کے اراکین، جن میں الحاج شیخ فریدالدین، الحاج محمد حنیف، الحاج شکیل احمد، ڈاکٹر آغا گلریز، مسعود احمد، بشیر احمد، نسیم احمد، اشفاق احمد پٹیل، محمد داؤد، سلیم احمد اور محمد اسماعیل شامل ہیں، نے ضلع اسپتال ،چکمگلورو کے ڈسٹرکٹ سرجن ڈاکٹر چندرشیکھر اور ان کے عملے کے ساتھ مل کر عازمین کو ٹیکے لگوانے اور ہیلتھ کارڈ کے اجرا میں بھرپور تعاون کیا۔خواتین عازمین (مستورات) کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے، جہاں الحاج شیخ فریدالدین کی اہلیہ ذاکر النساء، ڈاکٹر آغا گلریز کی اہلیہ عائشہ، اور الحاج شکیل احمد کی اہلیہ نے بہترین خدمات انجام دیتے ہوئے خواتین عازمین کی رہنمائی اور ویکسینیشن میں مدد فراہم کی۔پروگرام میں شریک عازمین کے لیے خدام الحجاج کمیٹی کی جانب سے پرتکلف ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر سلمان، سی ایچ عتیق احمد (مسجد تاجران)، مقصود صاحب اور فیروز (ایمبولینس ڈرائیور) نے بھی اپنی خدمات پیش کیں۔پروگرام کے انعقاد میں ہیریٹیج کنونشن ہال کے مالک نیاز احمد نے اپنی فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہال بلا معاوضہ فراہم کیا، جسے حاضرین نے سراہا۔ جناب خواجہ محی الدین رشادی کی دعا پر اس بابرکت نشست کا اختتام عمل میں آیا۔

0/Post a Comment/Comments