رمضان کے آخری جمعہ پر یکجہتی کا اظہار
بنگلور میں وفد کی امامِ جماعت سے ملاقات، مسئلۂ اقصیٰ پر گفتگو
بنگلور، 21 مارچ (حقیقت ٹائمز)
رمضان المبارک کے آخری جمعہ کے موقع پر تنظیم الاصلاح کے ایک وفد نے انجمنِ امامیہ مسجدِ عسکری کا دورہ کیا اور امامِ جماعت مولانا سید قمر نقوی سے ملاقات کی، جس میں بیت المقدس اور اہلِ فلسطین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔

وفد کی قیادت تنظیم کے صدر جناب جمیل احمد ملنسار کر رہے تھے، جبکہ اس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد شامل تھے۔ ملاقات کے دوران وفد نے ایک قرارداد پیش کی، جس میں مظلوم عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مسجدِ اقصیٰ کے تحفظ کے لیے اپنی دینی و اخلاقی ذمہ داریوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا سید قمر نقوی نے کہا کہ رمضان کے آخری ایام میں اس طرح کی ملاقاتیں امت کے اندر اتحاد اور بیداری کو فروغ دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایام ایک طرف خوشیوں کی نوید لاتے ہیں تو دوسری جانب امت کے مسائل کی طرف توجہ بھی دلاتے ہیں۔انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قربانی اور استقامت کے جذبات تاریخ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور یہی جذبہ قوموں کو مضبوط بناتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے باہمی اتحاد اور شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ملاقات کے دوران مقامی ذمہ داران نے وفد کا استقبال کیا اور اس بات پر زور دیا کہ شہر کی مسلم برادری عالمی حالات سے باخبر رہتے ہوئے امت کے مسائل کے حل کے لیے فکری و عملی سطح پر کردار ادا کرتی رہے گی۔آخر میں شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی اور عوام میں بیداری پیدا کرنے کے لیے مختلف سرگرمیوں کو منظم انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔
Post a Comment