سرینواس پور میں عید خوشیوں اور یکجہتی کے ساتھ منائی گئی
خواتین کے لیے خصوصی انتظامات نے توجہ حاصل کی
سرینواس پور، 21 مارچ (شبیر احمد)
شہر سرینواس پور میں عیدالفطر کا تہوار مذہبی عقیدت، جوش و خروش اور روحانی فضا کے ساتھ منایا گیا، جہاں مسلم برادری نے اتحاد، اخوت اور ایثار کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔ اس موقع پر چارمینار عیدگاہ میدان، جامعہ مسجد عیدگاہ میدان اور تعلقہ کے مختلف دیہات کی عیدگاہوں میں ہزاروں فرزندانِ اسلام نے اجتماعی طور پر نمازِ عید ادا کی۔ صبح سویرے ہی لوگ نئے کپڑوں میں ملبوس ہو کر اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ عیدگاہوں کا رخ کرتے نظر آئے اور عبادت میں مشغول ہوگئے۔نماز سے قبل مساجد سے علماء کی قیادت میں نمازی جلوس کی صورت میں عیدگاہ پہنچے، جہاں نمازِ عید ادا کرنے کے بعد ملک میں امن و امان، بھائی چارہ اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

نماز کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر عید کی مبارکباد پیش کی اور خوشیوں کا تبادلہ کیا۔چارمینار عیدگاہ میدان میں اس مرتبہ خصوصی طور پر خواتین کے لیے علیحدہ نماز کا انتظام کیا گیا، جس کے تحت الگ داخلی راستہ، مناسب سکیورٹی اور دیگر سہولیات فراہم کی گئیں۔ ان انتظامات کے باعث خواتین کی بڑی تعداد نے بھی نماز میں شرکت کی اور عید کی خوشیوں میں شریک ہوئیں۔جامعہ مسجد عیدگاہ میدان میں بھی نمازیوں کی بڑی تعداد نے نظم و ضبط کے ساتھ نماز ادا کی۔ نماز کے بعد لوگوں نے رشتہ داروں اور دوست احباب سے ملاقات کر کے عید کی مبارکباد پیش کی، جبکہ بچوں کو بڑوں کی جانب سے عیدی دی گئی جس سے ان کی خوشیوں میں مزید اضافہ ہوا۔عید کے موقع پر زکوٰۃ اور صدقۂ فطر ادا کرتے ہوئے مستحقین کی مدد کی گئی، جس سے معاشرے میں ہمدردی اور بھائی چارے کے جذبات کو تقویت ملی۔ علماء نے اپنے خطابات میں اتحاد، امن اور سماجی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر جامعہ مسجد کے امام مولانا محمد آصف نقوی نے کہا کہ عید کا تہوار صرف خوشی کا اظہار نہیں بلکہ انسانی اقدار، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینے کا ذریعہ بھی ہے، اس لیے معاشرے میں اتحاد کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔عید کے پیش نظر شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے اور اہم مقامات پر اہلکار تعینات رہے، جس کے باعث کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔مجموعی طور پر سرینواس پور میں عیدالفطر کا تہوار پُرامن ماحول، باہمی محبت اور یکجہتی کے پیغام کے ساتھ شاندار انداز میں منایا گیا۔
Post a Comment