عید کے موقع پر مولانا عارف قاسمی کا دوٹوک پیغام
تعلیم، صلہ رحمی اور خود احتسابی ناگزیر قرار
ٹمکورو، 21 مارچ (حقیقت ٹائمز)
شہر ٹمکورو میں عیدالفطر کا تہوار مذہبی عقیدت اور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا، جہاں جامع عیدگاہ کنیگل روڈ پر ہزاروں فرزندانِ توحید نے نمازِ عید ادا کی۔ اس موقع پر جامع مسجد مرکز کے خطیب و امام مولانا عارف قاسمی نے اپنے خطاب میں مسلمانوں کو اتحاد، صلہ رحمی، تعلیم اور اخلاقی اصلاح کی تلقین کی۔مولانا عارف قاسمی نے اپنے خطاب میں رمضان المبارک کے پیغام پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس مقدس مہینے کا اصل مقصد تقویٰ اور پرہیزگاری اختیار کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تقویٰ صرف عبادات تک محدود نہیں بلکہ اس میں خدمتِ خلق، اخلاص اور باہمی ہمدردی بھی شامل ہے۔انہوں نے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج مسلمانوں کی حالت تشویشناک ہوتی جا رہی ہے، جس کے لیے ملت کے ذمہ داران، معززین اور صاحبِ حیثیت افراد کو سنجیدگی کے ساتھ اپنا محاسبہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں حلال و حرام کی تمیز کمزور پڑتی جا رہی ہے اور سود جیسی برائی عام ہوتی جا رہی ہے، جس کے سنگین اثرات سماج میں ظاہر ہو رہے ہیں۔مولانا نے اس بات پر بھی افسوس ظاہر کیا کہ ملت کا خوشحال طبقہ غریبوں سے دور ہوتا جا رہا ہے، جبکہ اسلام میں باہمی ہمدردی اور مدد کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے خیرات میں نمود و نمائش کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی خدمت وہی ہے جو خلوص کے ساتھ اور بغیر تشہیر کے انجام دی جائے۔انہوں نے صلہ رحمی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رشتہ داروں اور معاشرے کے افراد کے ساتھ تعلقات کو مضبوط رکھنا ضروری ہے، کیونکہ باہمی نفرت اور کینہ پروری اللہ تعالیٰ کو پسند نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عیدگاہ میں نماز کی ادائیگی اتحاد و اتفاق کی علامت ہے، اس لیے اس سنت کو زندہ رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔تعلیم کے موضوع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے مولانا عارف قاسمی نے کہا کہ موجودہ دور میں سب سے زیادہ توجہ تعلیم پر دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف مالی امداد کافی نہیں بلکہ مستحق افراد کی تعلیم و تربیت پر توجہ دینا ضروری ہے، تاکہ وہ خود کفیل بن سکیں۔ انہوں نے عصری اور دینی تعلیم کے امتزاج کو ناگزیر قرار دیا۔اس موقع پر ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے، جو ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اشوک کے وی اور دیگر پولیس کے اعلیٰ افسران کی نگرانی میں انجام دیے گئے۔

نماز کے بعد عوام نے ایک دوسرے کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی اور بھائی چارے کا مظاہرہ کیا۔اس موقع پر سابق رکنِ اسمبلی ڈاکٹر رفیق احمد ،کانگریس رہنما اقبال احمد ،ضلع کانگریس شعبہ اقلیت کے نو نامزد صدر شیخ عرفان کے علاوہ برادران وطن اور سینیر پولیس رہنماؤں نے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی۔ تقریب میں مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی اور مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دی۔ شہر کی دیگر عیدگاہوں اور مساجد میں بھی نمازِ عیدالفطر اہتمام کے ساتھ ادا کی گئی، جبکہ ضلع بھر میں عید کا تہوار پُرامن اور خوشگوار ماحول میں منایا گیا۔
Post a Comment