چکمگلور میں لائنس کلب کی جانب سے بین المذاہب افطار پارٹی
اتحاد، بھائی چارہ اور ہم آہنگی کے فروغ کا پیغام
چکمگلور، 10 مارچ (فیروز نشیمن)
شہر چکمگلور کے معروف سماجی ادارہ لائنس انٹرنیشنل سیوا بھون کی جانب سے ماہِ رمضان المبارک کے موقع پر اتوار کے روز ایک باوقار افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا، جس میں شہر کے مسلم اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے معززین اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ اس تقریب کا مقصد روزہ جیسی مقدس عبادت کے پیغام کو عام کرنا اور مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان باہمی اتحاد، بھائی چارہ اور ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔اس موقع پر ایک خصوصی نشست بھی منعقد کی گئی جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی معروف معالج اور سماجی کارکن ڈاکٹر جے۔ پی۔ کرشنے گوڑا، رضوان خالد ناظم اعلیٰ جماعت اسلامی ہند، ڈاکٹر محمد صالح جماعت اسلامی ہند چکمگلور، ڈاکٹر ایچ۔ کے۔ سہادیو، ہولی کراس ہاسپٹل کی ڈائرکٹر سسٹر لوسی جان اور لائنس ب ریجنل چیئرپرسن بیلور عبد اللطیف صاحب شریک تھے۔تقریب کی صدارت لائنس انٹرنیشنل سیوا بھون کے صدر سی۔ این۔ کمار نے کی۔ نشست کا آغاز اکبر خان اکبر خازن جامع مسجد کی تلاوتِ کلامِ الٰہی سے ہوا۔ اس کے بعد لائنس کلب کی مارکیٹنگ چیئرپرسن نجمہ علی اور کلب کی رکن نجمہ نکھت نے مہمانانِ خصوصی کے ہاتھوں شمع روشن کروا کر پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کیا۔استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے صدر سی۔ این۔ کمار نے تمام مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ایسے پروگرام معاشرے میں بھائی چارہ اور ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں۔اپنے خطاب میں ڈاکٹر جے۔ پی۔ کرشنے گوڑا نے کہا کہ دنیا میں انسان تو بہت ہیں مگر انسانیت کم ہے، اس لیے ہر انسان کے اندر انسانیت کا ہونا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام انسانیت اور امن کا درس دیتا ہے اور ہم سب کو مل جل کر رہنا چاہیے۔ انہوں نے اس افطار پارٹی کو ہندو مسلم اتحاد کی ایک خوبصورت مثال قرار دیا۔رضوان خالد نے اپنے خطاب میں کہا کہ روزہ صرف بھوکا رہنے کا نام نہیں بلکہ یہ انسان کو اپنی خواہشاتِ نفس پر قابو پانے کی عملی تربیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان صبر اور استقامت کا مہینہ ہے جس میں ایک ماہ کی عبادت انسان کو اخلاقی اور روحانی طور پر مضبوط بناتی ہے۔ انہوں نے لائنس کلب کی جانب سے افطار پارٹی کے انعقاد کو ایک قابلِ تحسین قدم قرار دیا۔اس موقع پر عبد اللطیف صاحب بیلور نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایسے پروگراموں کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔تقریب کے دوران چکمگلور ضلع میں تعلیم کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات اور اساتذہ رخسانہ ایم کاچور، نازیہ، سمرین ایم اور ایم۔ بی۔ چندرے گوڑا کو ان کی خدمات کے اعتراف میں شال اور گل پوشی کے ساتھ اعزاز سے نوازا گیا۔افطار کے بعد نصرت رحیم نصرت کی اذان پر محفوظ الرحمن ایثار کی امامت میں نمازِ مغرب ادا کی گئی۔ بعد ازاں لائنس کلب کے سکریٹری گوپی کرشنا نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کی نظامت وائی۔ سی۔ سنیل کمار نے انجام دی جبکہ قومی ترانے کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر منتظمین کی جانب سے تمام شرکاء کے لیے بہترین ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا۔
Post a Comment