DGP M.A. Saleem Stresses Police–Public Trust at Jamia Masjid Iftar ڈی جی پی ایم اے سلیم اور کمشنر سیمنت کمار سنگھ کی افطار تقریب میں شرکت or

پولیس اور عوام کے درمیان بہتر تال میل امن کے لیے ناگزیر

جامع مسجد سٹی بنگلورو میں دعوتِ افطار، اعلیٰ حکام کی شرکت

بنگلورو، 5 مارچ (حقیقت ٹائمز) 

جامع مسجد سٹی بنگلورو اور مسلم چیریٹیبل فنڈ ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام ریاستی پولیس کے سربراہ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ، پولیس کمشنر بنگلورو اور محکمۂ پولیس کے اعلیٰ عہدیداران کے اعزاز میں ایک پُروقار دعوتِ افطار کا انعقاد کیا گیا۔ افطار سے قبل ملک میں امن و امان، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کے لیے اجتماعی دعا بھی کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامع مسجد کے امام و خطیب حضرت مولانا مفتی ڈاکٹر محمد مقصود عمران رشادی نے کہا کہ ایک زمانہ تھا جب عوام اور پولیس کے درمیان دوری پائی جاتی تھی اور پولیس کو عوام کی مخالف قوت سمجھا جاتا تھا، تاہم کورونا وبا کے دوران انسانی خدمت کی بے شمار مثالوں نے اس تاثر کو بدل دیا۔ اس دور میں پولیس اور عوام کے درمیان قربت میں اضافہ ہوا اور باہمی اعتماد کو فروغ ملا۔انہوں نے کہا کہ مسلم معاشرے نے بھی پولیس کے تعاون سے سماجی خدمات اور انسانیت نوازی کی مثالیں قائم کیں۔ امن و امان، ترقی اور خوشحالی کے لیے عوام اور پولیس کے درمیان مضبوط تال میل ضروری ہے، اور اسی جذبے کے تحت ہر سال پولیس کے اعلیٰ افسران جامع مسجد کی دعوتِ افطار میں شرکت کرتے ہیں۔ سٹی پولیس کمشنر سیمنت کمار سنگھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریاست کے مختلف علاقوں میں خدمات انجام دیتے ہوئے انہیں مسلم برادری سے ہمیشہ محبت اور تعاون ملا۔ انہوں نے بھٹکل میں اپنی تعیناتی کے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں رمضان کے دوران مساجد کی جانب سے مسلسل دعوتِ افطار دی جاتی تھی اور پورے مہینے کا شیڈول ترتیب دیا جاتا تھا، جس سے بھائی چارے کا ماحول قائم رہتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بنگلورو میں یہ ان کا پہلا رمضان ہے اور یہاں بھی مسلم قائدین کے ساتھ ملاقات اور تبادلۂ خیال کرکے خوشی محسوس ہورہی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر محمد عبداللہ سلیم نے جامع مسجد کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس کا محکمہ عوام کی خدمت اور ان کے تحفظ کے لیے قائم ہے۔ عوام کے خیالات، نظریات اور احساسات سے واقفیت کے بغیر مؤثر خدمات انجام دینا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقاریب صرف افطار تک محدود نہیں ہوتیں بلکہ باہمی افہام و تفہیم اور اعتماد سازی کا ذریعہ بنتی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس محکمہ آئندہ بھی عوام کے ساتھ قریبی روابط کو فروغ دیتا رہے گا۔اس موقع پر سینئر پولیس افسر بی دیانند نے بھی مختصر خطاب کیا ۔تقریب کے اختتام پر ٹرسٹ کے سیکریٹری الحاج سید نورالامین انور نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی نشستیں معاشرتی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور آئندہ بھی محکمۂ پولیس کے اعلیٰ عہدیداران کی شرکت کی توقع کی جاتی ہے۔افطار کے بعد مہمانوں نے مسجد کے اندرونی حصے کا معائنہ کیا اور انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسجد کا پُرسکون ماحول دل کو اطمینان بخشتا ہے۔تقریب میں ڈی جی پی اور کمشنر آف پولیس کے علاوہ شہر بنگلورو کے تمام ڈی سی پی صاحبان، جامع مسجد کے عہدیداران اور ٹرسٹیان بڑی تعداد میں شریک رہے۔جن میں ٹرسٹ کے صدر یونس محمد ،ونائب صدر مقصود علی خان ، سکریٹری الحاج سید نورالامین انور، نائب سکریٹری سید عبد الغفور، خازن عطار مرتضی حسین غفران، ٹرسٹی مقدس اللہ بیگ ،ٹرسٹی جے شفیع اللہ ، مشیر احمد خان ، منیر احمد خان ، تنظیم احمد،  مشتاق احمد، حافظ محمد فاروق وغیرہ قابل ذکر ہیں۔

0/Post a Comment/Comments