Bangarapet’s Tauseef Khan Secures 741st Rank in UPSC Exam توسیف خان یو پی ایس سی امتحان میں نمایاں کامیاب

بنگارپیٹ کے توسیف خان کا یو پی ایس سی میں شاندار کارنامہ

افسران اور مقامی افراد کی جانب سے مبارکباد اور نیک تمنائیں

بنگارپیٹ، 9 مارچ (شبیر احمد)

ضلع کولار کے بنگارپیٹ شہر کے ویویک نگر کے رہائشی ثناء اللہ کے صاحبزادے توسیف خان نے یو پی ایس سی سول سروسز امتحان میں 741 واں رینک حاصل کر کے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس شاندار کامیابی پر محکمہ اقلیتی بہبود کے افسران نے ان کی رہائش گاہ پہنچ کر انہیں مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اطلاعات کے مطابق توسیف خان نے سال 2024 میں حکومتِ کرناٹک کے محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے بنگلورو میں قائم حج بھون کے آئی اے ایس کوچنگ مرکز میں تربیت حاصل کی تھی۔ یہ تربیتی مرکز اقلیتی طبقہ کے باصلاحیت طلبہ کو مسابقتی امتحانات کی تیاری کے لیے رہنمائی فراہم کرنے کے مقصد سے قائم کیا گیا ہے۔

توسیف خان نے اس تربیت سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے محنت، لگن اور مضبوط عزم کے ساتھ یو پی ایس سی امتحان میں کامیابی حاصل کی۔ 741 واں رینک حاصل کر کے انہوں نے اپنے خاندان، اپنے شہر اور پورے ضلع کے لیے باعثِ فخر بن گئے ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ان کی کامیابی نوجوانوں کے لیے ایک بہترین مثال اور حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہے۔اسی سلسلے میں محکمہ اقلیتی بہبود کے ضلع افسر میلاراپّا اور ایکسٹینشن افسر مہادیو نے بنگارپیٹ کے ویویک نگر میں واقع توسیف خان کی رہائش گاہ پہنچ کر توسیف خان اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔افسران نے کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے حج بھون میں فراہم کی جانے والی آئی اے ایس کوچنگ اقلیتی طلبہ کے لیے ایک اہم اور قیمتی موقع ہے۔ اگر طلبہ اس طرح کے تربیتی پروگراموں سے فائدہ اٹھائیں اور سنجیدگی کے ساتھ محنت کریں تو وہ مستقبل میں مزید بڑی کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔مقامی معززین نے کہا کہ توسیف خان کی کامیابی بنگارپیٹ کے طلبہ کے لیے باعثِ تحریک ہے اور اس سے نوجوانوں میں مسابقتی امتحانات کی طرف دلچسپی بڑھے گی۔اس موقع پر توسیف خان کے اہل خانہ، رشتہ داروں اور مقامی افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔ سبھی نے ان کی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں ملک و قوم کی خدمت انجام دیں گے۔

0/Post a Comment/Comments